صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

’جونیئر کالجز میں بھی اردو زبان میں نصابی کتابیں فراہم کی جائیں‘

ایس آئی او نے تمام سیاسی جماعتوں کیلئے اسٹوڈینٹ منشور جاری کرکے مہاراشٹر میں سینٹرل یونیورسٹی کا قیام ، طلبائی یونین الیکشن اور طلبہ کے لیے مفت آمد و رفت کا مطالبہ کیا

1,057

ممبئی 28  فروری  2019

ایس آئی او ملک کی سب سے بڑی نظریاتی طلبہ تنظیم ہے جو پچھلے 36 سالوں سے ملک کے طلبہ و نوجوانوں  کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے ۔

ایس آئی او نے طلبہ و نوجوانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے طلبائی منشور شائع کیا اور ساتھ ہی تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسے اپنے انتخابی منشور میں شامل کریں ۔

اعلیٰ تعلیم میں درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے سلمان احمد صدر ایس آئی او ساوتھ مہاراشٹر نے کہا کہ ’آزادی کے 70 سال بعد بھی مہاراشٹر میں کوئی سینٹرل یونیورسٹی نہیں ہے ہم مہاراشٹر میں سینٹرل یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ کرتے ہیں اور ساتھ ہی ہم توقع کرتے ہیں کہ سیاسی جماعتیں نا صرف اسے اپنے انتخابی منشور کا حصہ بنائیں گی بلکہ حکومت کے قیام کے 30 دن کے اندر اس کا اعلان کرینگی‘ ۔

شہریار انصاری صدر ایس آئی او ممبئی نے تمام کیمپس میں طلبائی یونین الیکشن کروانے کی مانگ کی ’حکومت نے 4 سال قبل یونین الیکشن کا اعلان کیا تھا لیکن اب تک اس پر عمل نہیں کیا گیا ، ہمارے ملک میں جمہوریت کے استحکام نیز مستقبل کے لیڈران کی تیاری میں طلبائی یونین الیکشن کلیدی رول ادا کرتا ہے اس لیے آنے والے اکیڈمک سال سے طلبائی یونین الیکشن کا آغاز کیا جائے‘ ۔

بڑھتی ہوئی بےروزگاری کے مدنظر ایس آئی او نے مطالبہ کیا کہ ہر ضلع میں اِسکِل ڈیویلپمینٹ ووکیشنل اور پروفشنل ٹریننگ سینٹر قائم کیے جائیں نیز اسے انڈسٹری سے جوڑا جائے تاکہ روزگار کے مواقع فراہم ہو سکیں ۔

کسانوں کے بڑھتے مسائل و تکلیف کو کم کرنے کے لیے ایس آئی او کسان خاندان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو فیس سے مکمل راحت دینے کا مطالبہ کرتی ہے ۔

مہاراشٹر میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے آف کیمپس کا قیام ، طلبہ کے لیے مفت آمدورفت ، اور پرائیویٹ کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کی نگرانی کرنا یہ تمام اہم مطالبات طلبائی منشور کا حصہ ہے ۔

تعلیم کی تمام طبقات تک رسائی کے لیے ایس آئی او مادری زبان میں نصابی کتابوں کی فراہمی کا مطالبہ کرتی ہے خصوصاً جونیئر کالجز میں اردو زبان میں نصابی کتابیں فراہم کی جائیں ۔

ملک میں بڑھتے تشدد ، ماب لِنچِنگ اور اقلیتوں کے خلاف ہونے والے ظلم و استبداد کو روکنے کے لیے حکومت سخت قانون تشکیل دے ۔ معصوم  بے قصور نوجوان جو سالوں سلاخوں کے پیچھے رہے  انہیں حکومت معاوضہ فراہم کرے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.