الحمد ہائی اسکول میں بین المدارس حمد خوانی مقابلے کاانعقاد
بھیونڈی : اس عالم رنگ و بو کی ہر شئے اللہ تعالی کے وجود کا مظہر ہے ۔ خالق ارض و سماء نے نہ صرف ہمیں اشرف المخلوقات بنایا بلکہ اس دُنیا میں ہماری تمام آرائش و آسائش کے لئے سامان بھی بہم پہنچائے ۔ ان انعامات و اکرامات اور عنایتوں پر ہمیں بھی چاہیے کہ ہم معبودِ حقیقی کی حمد و ثناء بیان کریں ۔ اسی مقصد کے پیش نظر الحمد ہائی اسکول اینڈ جونئیر کالج میں سالہائے گزشتہ کی طرح اس سال بھی جنوری ۲۰۱۹ کو ۱۴ واں بین المدارس حمد خوانی مقابلہ بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ منعقد کیا گیا ۔ مقابلے کی صدارت الحمد ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر الحاج عبدالرحمٰن خان نے فرمائی ۔ بطور مہمانِ خاص مولانا خالد جمیل مکّی (شیخ الجامعہ الجامعتہ الا سلامیہ کوسہ ممبرا) نے پروگرام کو زینت بخشی ۔ محمد رفیع انصاری (معروف شاعر و ادیب) ، قطب الدین شاہد (معاون مدیر روزنامہ انقلاب ممبئی)اور ڈاکٹر ابو طالب انصاری(مشہور معالج و مصنف) نے منصفی کا فریضہ انجام دیا ۔ الحمد ایجوکیشن سوسائٹی کا یہ شیوہ رہا ہے کہ بھیونڈی کے اردو میڈیم ثانوی اسکولوں کے سبکدوش اساتذہ کی پذیرائی ابتداء سے کرتی رہی ہے ۔
شہر سے سبکدوش ہونے والے کل ۱۰ ؍استاتذہ کرام کو دعوت نامہ ارسال کیا گیا جس میں ۶ ؍اساتذہ کرام نے بطور مہمانِ اعزازی پروگرام میں شرکت کیں۔ علاوہ ازیں سوسائٹی کے عہد یداران و اراکین بہ نفس ِنفیس پروگرام میں شریک رہتے ہوئے جملہ اسٹاف کو تقویت بخشی ۔ بھیونڈی کارپوریشن حدود سے تعلق رکھنے والے کل ۲۶ ثانوی اسکولوں کے طلباء نے مقابلے میں شرکت کی ۔ مقابلے کا آغاز حسبِ روایت تلاوتِ کلام اللہ سے ہوا ۔ بعد ازاں طلباء نے نعتِ مبارکہ ، ترانہ الحمد اور استقبالیہ گیت پیش کیا ۔ الحمد ایجوکیشن سوسائٹی کے جنرل سکریٹری ریاض الدین نے مہمانوں کا استقبال اور تعارف کراتے ہوئے گل پیشی و تحائف کی رسم ادا کی ۔ اس کے بعد باقاعدہ مقابلے کا آغاز ہوا ۔ تمام طلباء و طالبات نے بھر پور تیاری کے ساتھ مقابلے میں حصّہ لیا ۔
ججوں کے فیصلے کے مطابق جن خوش نصیبوں کو انعامات کا حقدار قرار دیا گیا ۔ ان میں شیخ سمیہ علی احمد (اقصیٰ گرلز ہائی اسکول) کو اول انعام ، انصاری مفسر عرفان (رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج) کو دوم ، شیخ سلمان صفات احمد (صلاح الدین ایوبی میموریل ہائی اسکول کو سوم انعام حاصل ہوا ۔ اسی طرح حوصلہ افزائی کے کل پانچ انعامات بالترتیب شاہ عتیق احمد اظہار الحق (شاد آدم ٹکنیکل ہائی اسکول اینڈ جو نیئر کالج) ، شیخ ناہید آصف (اسلامیہ اُردو ہائی اسکول) ، خان ابو زید عرفان (الحمد بوائز ہائی اسکول اینڈ جو نیئر کالج) ، انصاری کہکشاں عباس علی (شانتی نگر اُردو ہائی اسکول) ، سلمانی شبنم محمد جسیم (بھیونڈی میونسپل کارپوریشن اسکول نمبر ۸) کو دیئے گئے ۔ کالج کی پرنسپل فرزانہ نے رسم شکریہ کا فریضہ انجام دیا ۔ عبد الغفا ر سر کے ذریعے قومی گیت پر اس نورانی محفل کا اختتام ہوا ۔