صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

’اندرون ایک ماہ شہر کو غیر قانونی نشیلی اشیاء کے کاروبار سے پاک کردیا جائے گا‘ : پولس

شہر کو نشیلی اشیاء کے غیر قانونی کاروبار سے پاک نہ کرنے پر شدید احتجاج کریں گے : امتیاز جلیل

1,407

اورنگ آباد:(جمیل شیخ) غیر قانونی طریقے سے جاری نشیلی اشیاء کے کاروبار پر اندرون ایک ماہ روک لگادی جائے گی اور شہر کو نشہ سے پاک کردیا جائے گا ۔ اس تیقن کے بعد آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے شہر میں جاری نشیلی اشیاء کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کل جلوس نکالنے کا فیصلہ رد کردیا ہے ۔ دوسری جانب پولس نے شہر میںکاروائی کرتے ہوئے مکند واڑی پولس اسٹیشن کی حدود میں انیل ماڑوے اور انیتا ماڑوے کے خلاف نشہ آور گولیاں فروخت کرنے کے معاملے میں پولس کیس درج کیا اوران کے قبضے سے بڑے پیمانے پر نشہ آور گولیاں ضبط کی گئیں ۔

واضح رہے مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے رکن اسمبلی امتیاز جلیل نے اورنگ آباد شہر میں غیر قانونی طریقے سے جاری نشیلی اشیاء کے خلاف اور شہر کو نشہ کے کاروبار سے پاک کرنے کے مقصد سے آج شہر کے تمام پولس اسٹیشنوں کی حدود میں جلوس نکالنے کا اعلان کیا تھا ۔ لیکن اس سے قبل آج متعلقہ ڈپٹی کمشنر پولس ایف ڈی آئی اوردیگر متعلقہ شعبہ جات کے اعلی افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں پولس کی جانب سے یہ تیقن دیا گیا کہ اندرون ایک ماہ شہر کو نشیلی اشیاء کے کاروبار سے پاک کردیا جائے گا ۔ اس ضمن میں رکن اسمبلی امتیاز جلیل نے نمائندے کو بتایا کہ پچھلے کئی دنوں سے شہر میں نشہ کا کاروبار زوروں سے جاری تھی اور نوجوان اس کے عادی ہوتے جارہے تھے ۔ جس کے باعث قتل کے واقعات بھی پیش آرہے تھے ۔ جسے دیکھتے ہوئے اورنگ آباد کی پولس کو جگانے کا فیصلہ کیا گیا شہر کے تمام پولس اسٹیشنوں کی حدود میں ۱۹؍ جنوری کو جلوس نکالنے کا اعلان کیا گیا تھا ۔

انہوں نے بتایا کہ اس مورچہ کا مقصد صرف اور صرف شہر کو نشہ سے پاک کرنا تھا ۔ شہر کے تقریباً تمام سیاسی پارٹیوں کہ ذمہ داران اور سماج کے ہر طبقہ نے اس طرح کے احتجاجی جلوس کی تائید کی تھی ۔ رکن اسمبلی سید امتیاز جلیل نے بتایا کہ آج متعلقہ ڈی سی پی کے ساتھ ایف ڈی اے ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے افسران کے ساتھ میٹنگ منعقد کی گئی جس میں شہر کو نشہ سے پاک کرنے کے معاملہ پر غوروخوص کے بعد پولس نے یقین دلایا کہ اندرون ایک ماہ شہر میں نشیلی اشیاء کے غیر قانونی کاروبار کو مکمل طور پر بند کردیا جائے گا ۔ انہو ں نے بتایا کہ ہمیں پولس کی اس یقین دہانی پر بھروسہ ہے ۔ امید ہے کہ وہ اندرون ایک ماہ شہر میں جاری چرس گانجہ افیم اور دیگر نشیلی گولیوں کے ساتھ ساتھ شراب کے غیر قانونی کاروبار پر لگام لگائیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے بتایا کہ اگر ایسا نہیں ہوتا ہے توپھر اگلے ماہ ریاستی اسمبلی کا اجلاس ہے اور اس اجلا س کے دوران ہم جلوس نکالیں گے ۔

کیا پولس کی ملی بھگت کے بغیر اس طرح کا کاروبار چل سکتا ہے ۔ جب ان سے یہ سوال پوچھا گیا تو انہو ں نے بتایا کہ یہ بڑا پیچیدہ مسئلہ ہے اور ڈی بی کا جو اسکواڈ ہوتا ہے پولس اسٹیشن کی حدود میں کیا چل رہا ہے اس کی پوری خبر اس اسکواڈ کو ہوتی ہے وہ چاہے تو کارروائی کرسکتے ہیں لیکن اگر وہ کارروائی نہیں کرتے تو پھر اعلی افسران کو اس اسکواڈ کے خلاف کارروائی کرنا چاہئیں ۔ انہو ں نے آگے کہا کہ لوگوں کے دلوں سے پولس اور ایف ڈی آئی کا خوف ختم ہوچکا ہے ۔ کسی بھی طرح کا غیر قانونی کاروبار بغیر پولس کے تعاون کے چل نہیں سکتا ۔ اگر وہ چاہے تو اسے فوری روک سکتے ہیں ۔

اس موقع پر میونسپل کارپوریشن میں اپوزیشن لیڈر ضمیر احمدقادری ، میونسپل اتحاد گروپ قائد ناصر صدیقی کے علاوہ پارٹی کے دیگر اراکین وذمہ داران موجود تھے ۔  دوسری جانب پولس نے نشہ آوراشیاء کے کاروبار کے خلاف زوردار مہم شروع کی آج مکند واڑی پولس اسٹیشن کی حدود میں پولس نے کارروائی کرتے ہوئے ۳۵؍ سالہ انیل ماڑوے اور ۳۰ سالہ اس کی بیوی انیتا ماڑوے کے خلاف کاروائی کی ۔ پولس سے ملی تفصیلات کے مطابق انِل پرکاش نگر میں واقع اپنے گھر میں نشہ آور گولیاں فروخت کرتا تھا۱۰؍ دس دن پہلے ہی اس کی اطلاع پولس کو موصول ہوچکی تھی اور پچھلے ایک ہفتے سے پولس انِل پر نظر رکھے ہوئے تھے ۔ گذشتہ رات ایک فرضی گاہک کو انِل کے گھر گولیاں خریدنے کے لئے بھیجا گیا اور تصدیق ہوجانے کے بعد اس کے گھر پر چھاپہ مارا گیا اس کاروائی میں پولس نے گولیوں کی ۴۴ اسٹریپ ضبط کی لیکن کارروائی ہوتا دیکھ انِل ماڑوے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مکند واڑی علاقہ کے کئی مزدور اور دیگر نشہ آور گولیا ں خریدتے تھے اسی طرح اس کے گھر کے اطراف دو اسکول موجود ہیں جہاں کے بیشمار طلبہ ان گولیوں کے عادی ہونے کی اطلاع ہے یہ گولیاں کہاں سے آتی تھی کس کے ذریعہ آتی تھی پولس اس کی جانچ کررہی ہے ۔ پولس نے اس معاملے میں انیل کی بیوی انیتا کو حراست میں لے لیا ہے یہ کاروائی پولس انسپکٹر ناتھا جادھو کی رہنمائی میں اے پی آئی ایس پی بنسوڑے ڈپٹی پولس انسپکٹر گورے شیخ اسلم چودھری اور سونونے نے انجام دی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.