مرکز سے فرقہ پرستوں کا خاتمہ ہوگا : محمد مقیم
ممبئی : (نورمحمد خان) ساکی ناکہ خیرانی روڈ کے عزیز کمپاؤنڈ میں سابق ایم پی اور ایم ایل اے کے استقبال میں مشاعرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کانگریس کے مقامی لیڈران موجود تھے ۔ مقامی شاعروں نے اپنے کلام سے سامعین کو محفوظ کیا ۔
استقبالیہ پروگرام میں اترپردیش کے ڈومریاگنج پارلیمانی حلقہ کے سابق ایم پی محمد مقیم نے سامعین سے کہا کہ امسال پارلیمانی انتخابات کے پیش نظرکانگریس تمام جماعتوں کو لیکر فرقہ پرست پارٹی بی جے پی کے خلاف محاذ بنارہی تھی لیکن بی ایس پی سپریمو مایاوتی کی وجہ سے اترپردیش میں اتحاد نہیں ہوا اس لیے دیگر سیکولر جماعتوں سے اتحاد کے بعد سیٹوں کی تقسیم کی بنیاد پر کانگریس چناؤ لڑے گی ۔ محمد مقیم نے عوام سے اپیل کرتے ہوۓ مزید کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں کانگریس کے امیدوار جہاں بھی ہوں انھیں ووٹ دے کر کامیاب کریں تاکہ مرکز سے فرقہ پرست بی جے پی کا خاتمہ ہوسکے ۔
ڈومریا گنج سے آۓ کانگریسی لیڈرسچیدانند پانڈے نے کہا کہ یہ ملک ٹیپوسلطان اور منگل پانڈے کا ہے جنھوں نے ملک کی آزادی کے لیے قربانیاں دیں اور گنگا جمنی تہذیب کو جلابخشی لیکن اس تہذیب کو مسمار کرنے والی بی جے پی نے قومی یکجہتی کو تارتار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے ۔
ممبئی کانگریس کے محمد ایوب منیہار نے کہا کہ ڈومریا گنج پارلیمانی حلقہ ہی نہیں بلکہ ملک کی عوام کو متحد ہو کر فرقہ پرست عناصر سے مقابلہ کرنا ہے تاکہ امن وامان قائم ہوسکے ایوب منیہار نے کہا کہ ڈومریا گنج کی عوام کانگریس کو کامیاب بنانے کے لیے متحد ہوچکی ہے ۔ آخر میں ایوب منیہار نے تمام کارکنان و شعرا و شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔