کوکن میں کانگریس کی جن سنگھرش یاترا کی آج سے شروعات ، ریاستی صدر اشوک چوہان سمیت دیگر اہم لیڈران کی شرکت
سندھو درگ : مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ایم پی اشوک چوہان کی قیادت میں کانگریس کی ریاستی سطح کی جن سنگھرش یاترا کی شروعات آج سے کوکن علاقے میں شروع ہورہی ہے ، جس میں ریاستی صدر کے علاوہ کانگریس پارٹی کے ریاستی سطح کے دیگر اہم لیڈران شریک ہورہے ہیں ۔ اس جن سنگھرش یاترا کے پیشِ نظر کانگریسی کارکنان میں زبردست جوش وخروش ہے ۔ واضح رہے کہ ریاستی کانگریس کی مرکزی وریاستی حکومتوں کے خلاف ریاستی سطح پر جن سنگھرش یاترا مہم جاری ہے۔ یہ ۶ویں جن سنگھرش یاترا ہے ۔ اس سے قبل مغربی مہاراشٹر ، شمالی مہاراشٹر ، مراٹھواڑہ ، امراؤتی اور ناگپور علاقے میں یہ جن سنگھرش یاترا ہوچکی ہے جس کا عوام نے زبردست استقبال کیا تھا ۔
اس ۶ویں جن سنگھرش یاترا کی شروعات آج ۲۱ جنوری کو سندھودرگ ضلع کے ساونت واڑی میں شام ۴ بجے منعقد ہونے والے جلسۂ عام سے ہوگی ، جس میں بڑی تعداد میں عام لوگوں کی شرکت متوقع ہے ۔ ۲۲ جنوری کو ساڑھے ۹ بجے کڑال میں جن سنگھرش یاترا کا استقبال کیا جائے گا اور پونے گیارہ بجے کنکولی میں جلسۂ عام کا انعقاد ہوگا ۔ دوپہر سوا ۲ بجے راجاپور میں اورشام سوا ۶ بجے چپلون میں جلسۂ عام منعقد ہوگا ۔ ۲۳ جنوری کو صبح ۱۰؍بجے کھیڑ میں جن سنگھرش یاترا کا استقبال ہوگا اور بڑے پیمانے پر ریلی نکالی جائے گی ۔ اس کے بعد پونے ۱۲؍بجے پولادپور میں یاترا کا استقبال کیا جائے گا اور دوپہر ۱؍بجے مہاڈ اور شام ۵ بجے علی باغ میں جلسۂ عام منعقد کیا جائے گا ۔ ۲۴جنوری صبح ۱۱؍بجے پین ضلع رائے گڑھ میں جن سنگھرش یاترا کا استقبال اورجلسۂ عام کا انعقاد ہوگا ۔ دوپہر سوا ۳بجے پنویل ، ۴ بجے تلوجہ اور پونے ۵بجے دہیسرموری میں جن سنگھرش یاترا کا بڑے پیمانے پر استقبال ہوگا اور شام ۶ بجے کلیان میں جلسۂ عام منعقد ہوگا۔ ۲۵جنوری کو صبح ۱۱؍بجے تھانے شہراسمبلی حلقہ ، دوپہر ۲ بجے ماجی واڑہ اسمبلی حلقہ میں جلسۂ عام ہوگا اور ساڑھے ۴ بجے بھیونڈی شہر میں عظیم الشان اختتامی جلسۂ عام ہوگا ۔
اس جن سنگھرش یاترا میں اسمبلی میں حزبِ مخالف لیڈر رادھا کرشن ویکھے پاٹل، سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان ، سابق وزیر ایم ایل اے بالا صاحب تھورات ، ودھان پریشد کے سابق ڈپٹی چیئرمین مانک راؤ ٹھاکرے ، سابق وزیر و ایم ایل اے محمد عارف نسیم خان سمیت پارٹی کے دیگر اہم لیڈران ، عہدیداران وکارکنان شریک ہونگے ۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ایم پی اشوک چوہان نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ مرکزی وریاستی حکومتوں کی ناکامیوں ، عوام کے حقوق اور ریاست کے مفاد کے لئے اس جن سنگھرش یاترا میں بڑے پیمانے پر شریک ہوں ۔