صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

جھوٹ بولنے میں وزیراعلیٰ کاہاتھ کوئی نہیں پکڑ سکتا : سچن ساونت

1,690

ممبئی: کانگریس کو اندو مل کی جگہ کو ہڑپ کرنا تھا ۔ یہ کہنا ہے وزیراعلیٰ دیوندر فڈنویس کا ۔ جھوٹ بولنے میں ان کا ہاتھ کوئی نہیں پکڑسکتا ، کیونکہ مودی سے انہیں یہی تعلیم ملی ہوئی ہے ۔ غلط بیانی ، جھوٹ اور بدنام کرنا بی جے پی کی انتخابی حکمت عملی کا حصہ ہے ۔ اب چونکہ انتخابات قریب آچکے ہیں اس لئے اگر یہ یہ کہہ دیں کہ ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر آر ایس ایس کے ممبر تھے ، تو حیرت نہیں ہونی چاہئے ۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر ریاستی کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت نے کہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے کی یہ روایت آر ایس ایس کی نظریات سے آئی ہے ۔ سنگھ کے لوگ جھوٹ بولتے ہیں ، بدنام کرتے ہیں اور غلط بیانی سے کام لیتے ہیں ، جس کی وجہ سے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر آر ایس ایس کی مخالفت کرتے تھے ۔ کانگریس پارٹی نے ڈاکٹربابا صاحب امبیڈکر کی یادگار قائم کرنے کے تعلق سے کیا کیا ؟ یہ وزیراعلیٰ کو بتانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اندو مل میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی یادگار قائم کرنے کی بات کانگریس کے انتخابی منشور میں کہی گئی تھی ۔ پرنسپل اپروول لانے کا کام کانگریس نے ہی کیاتھا ۔ بی جے پی کی طرح صرف انتخابی فائدے کے لئے بابا صاحب کی یادگار کا استعمال ہم نے نہیں کیا ۔

سچن ساونت کے مطابق ۲۰۱۵ میں بہار کے انتخابات سے قبل وزیراعظم اوروزیراعلیٰ نے بابا صاحب کی یادگار تعمیر کرنے کے لئے بھومی پوجن کیا ، لیکن آج تک ایک اینٹ بھی نہیں رکھی گئی ۔ بی جے پی کو باباصاحب کی یادگار کا استعمال رام مندر کی طرح کہ ’مندر وہیں بنائیں گے‘ کی مانند کرنا ہے ۔ وزیراعلیٰ کو اس کا جواب دینا چاہئے ۔ سچن ساونت نے کہا کہ وزیراعلیٰ کانگریس کو بدنام کرنے کی کتنی بھی کوشش کرلیں ، لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوپائیں گے ۔ کیونکہ کانگریس کو اب تمام دلت و پسماندہ طبقات کی حمایت حاصل ہے نیز تمام دلتوں وپسماندہ طبقات کو یہ احساس ہوگیا ہے کہ یہ حکومت ہماری نہیں ہے ۔ اس لئے ان میں زبردست ناراضگی ہے اور اس میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے ۔ وزیراعلیٰ کو اس بات کا احساس ہونا چاہئے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.