صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

سابق پردھان حاجی شفیق احمد کا انتقال

56,123

اعظم گڑھ پھولپور تحصیل حلقہ کے موضع کسہاں کی معروف شخصیت و سابق پردھان حاجی شفیق احمد کا طویل علالت کے بعد ۹۳ برس کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ انتقال کی خبر موصول ہوتے ہی گاؤں میں غم کا ماحول ہو گیا۔ مدرسہ عین العلوم کہاں کے ناظم محمد ثاقب قاسمی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے قرآن خوانی کا اہتمام کرایا اور ان کی دینی و دنیادی خدمات کی ستائش کی۔

مرحوم کی نماز جنازہ ان کے آبائی وطن کسہاں میں بعد نماز ظہر مولانا عمر اصلاحی کی امامت میں ادا کی گئی اور ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں تدفین عمل میں آئی۔ مرحوم حاجی شفیق احمد بہت سی خصوصیات کے حامل تھے۔ وہ بی ایس سی کی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ہی عصری علوم میں کافی مہارت رکھتے تھے۔ ان کی علمی صلاحیت کی بنیاد پر باتفاق رائے انہیں گرام پردھان بنایا گیا تھا اور تقریباً ۳۵ برس بغیر الیکشن پر دھان رہ کر بہتر خدمت انجام دیتے رہے اور گاؤں کے مدرسہ اسلامیہ عین العلوم میں تاحیات صدارت کے منصب پر فائز رہے۔ ان کی دلی خواہش تھی کہ مکتب کی تعلیم اتنی مضبوط ہو کہ پنچم پاس کرنے کے بعد جس کا لج و کانونٹ میں بچے داخلہ لینا چاہیں بآسانی لے سکیں۔ مرحوم اپنے تین بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھے، سب سے چھوٹے حاجی رفیق احمد رکن انتظامی مدرسۃ الاصلاح گذشتہ سال مئی کے آخر میں داغ مفارقت دے گئے، اور سب سے بڑے بھائی حاجی انیس احمد اکتوبر میں معبود حقیقی سے جاملے۔ مرحوم کے پسماندگان میں دو بیٹے جاوید احمد محمد اسلم اور تین بیٹیاں ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.