صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بھیونڈی:سماجی تنظیم کا میونسپل کمشنر سے شہر کے اہم مسائل فوراً حل کرنے کا مطالبہ

69,048

شہریوں کو درپیش متعددمسائل کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے ’آپریشن مکت‘ نامی سماجی اور طبی تنظیم کے ایک نمائندہ وفد نے میونسپل کمشنر اجے ویدیہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

شہریوں کو درپیش متعددمسائل کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے ’آپریشن مکت‘ نامی سماجی اور طبی تنظیم کے ایک نمائندہ وفد نے میونسپل کمشنر اجے ویدیہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ صدر ڈاکٹر شفیق صدیقی کی قیادت میں وفد نے میونسپل کمشنر سے شہر کے ٹھپ پڑے ترقیاتی کاموں کو جلد شروع کرنے اور جو کام سست روی سے جاری ہیں، اس میں تیزی لانے کی درخواست کی ۔سماجی کارکنان نے میونسپل کمشنرسے سڑک،فلائی اوور،باغیچے اور مینا تائی ٹھاکرے آڈیٹوریم کے ساتھ شہر کے مختلف مسائل پر گفتگو کرکے انہیںفوری طور پر حل کرکے شہریوں کو راحت پہنچانے کی درخواست کی۔وفدنے میونسپل کمشنر کواس تعلق سے ایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔ سماجی کارکنان اور میونسپل کمشنر نے شہر کے کئی اہم مسئلے پر کھل کر تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹر شفیق صدیقی نے میونسپل کمشنر کو بتایا کہ شہر کی تقریبا سبھی سڑکیں ۶؍سے ۸؍ماہ قبل ہی بنائی گئی ہے، اس کے باوجود شہر کی تقریبا سبھی سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہوچکی ہیں جس سے راہگیروں کے ساتھ گاڑیوںسے سفر کرنے والے شہریوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

انہوں نے میونسپل کمشنر سے یہ بھی کہا کہ ان گڑھوں کے باعث ۸۰؍فیصد شہری کمر درد کے ساتھ مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔گڑھوں میں جمع پانی بیماریوں کے ہاٹ اسپاٹ میں تبدیل ہونے کے قریب ہے۔انہوں نےمزید کہا کہ سڑک کی تعمیر کرنے والے ٹھیکیداروں سے ناقص سڑک کی تعمیر کے متعلق استفسار اور تھرڈ پارٹی آڈٹ ضروری ہے۔ وفد نے بتایا کہ شہر کے سبھی باغیچے اُجڑ چکے ہیں۔

گارڈن دھیرے دھیرے نشے کے عادی افراد کے اڈوں میں تبدیل ہوتے جارہے ہیں۔ وفد میں شامل افراد نے یاد دلایا کہ کارپوریشن کے پاس باغبانی کا ایک محکمہ ہے جس کے افسران اور اہلکاروں کو کارپوریشن لاکھوں روپے تنخواہ ادا کردی ہے۔

اس کی جانچ ضروری ہے کہ لاکھوں روپے خرچ کرکے بنائے گئے گارڈن تباہ کیوں ہوجاتے ہیں؟ سماجی تنظیم کے وفد نے میونسپل کمشنر سے درخواست کی کہ وہ فلائی اوور سے بڑی گاڑیوں کے آمدو رفت کی اجازت دے اور میناتائی ٹھاکرے آڈیٹوریم کی مرمت کا کام جلد سے جلد مکمل کرکے اسے عوام کے حوالے کرے۔

ڈاکٹر شفیق صدیقی نے انقلاب کو بتایا کہ میونسپل کمشنر اجے کمار ویدیہ نے سبھی مسائل پر مثبت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وفد میں دیپک سنگھ، ساجد بھارتی، ڈاکٹر شکیلہ انصاری، ڈاکٹر کلیم انصاری ، ڈاکٹر ابواللیث انصاری اوردیگر اراکین شامل تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.