صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

شکایت

65,718

بوڑھے لوگوں کو سمجھنا بہت مشکل ہے ۔۔۔۔! سامنے والی ماتا جی کو ہی دیکھ لو،کبھی خوش نہیں دکھائی دیتی ہیں۔جبکہ ماتا جی کے چاروں بیٹے اُن کا کتنا خیال رکھتے ہیں۔۔۔! ہر بیٹا ۶۰ دن مکمل ہونے کا انتظار کرتا ہے اور جیسے ہی دو مہینے پورے ہوتے ہیں وہ ماتا جی کو دوسرے بیٹے کے دروازے پر خود چھوڑ کر آتا ہے اور ہاں! ڈور بیل بھی بجاتا ہے۔یہ کام ماتا جی کے چاروں بیٹے باقاعدگی سے انجام دیتے ہیں۔اُن کے پتا جی وصیت میں جو لکھ کر گئے ہیں۔ہر ایک کو اپنی ٹر ن پوری کر نا ہے۔کروڑوں کی جائیداد اور پتا جی۔۔۔، مالکن ماتا جی کو بنا گئے ہیں۔ اب توجب تک وہ زندہ ہیں یہ پہیہ یوں ہی گھومتا رہے گا۔
پتہ نہیں ماتا جی کی پرانی مسکراہٹ کہاں کھو گئی،دو سال سے میں نے اُنہیں مسکراتے نہیں دیکھا..۔ ! معلوم ہے۔ ۔۔! یہ سامنے کے کمپاؤنڈ کے چاروں بنگلوں کی مالکن بھی ماتا جی ہیں،بس اُس میں اُن کے بیٹے اپنی اپنی فیملی کے ساتھ رہتے ہیں ۔۲۵-۲۰ قدم کا فاصلہ ہوگا۔۔۔ ماتا جی کو نہ جانے کیا دقت ہے ایک دروازے سے دوسرے دروازے جاتے ہوئے وہ خوش نہیں دکھائی دیتی ہیں۔اُن سے میں نے جب ایک بار کہا تھا کہ ماتا جی آپ کے بیٹے کتنے اچھے ہیں آپ کا کتنا خیال رکھتے ہیں تو نہ جانے انہوں نے یہ کیوں کہا تھا کہ بیٹا…! اوپر والے کو بھی کیا سوجھی جو مجھے چار بیٹے دیے،اتنا پیار سمیٹا نہیں جاتا،اچھا ہوتا کہ ایک ہی بیٹا دیا ہوتا۔۔۔۔۔!

Leave A Reply

Your email address will not be published.