صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بے تکے اشعار مرزا غالب سے منسوب ’ کوئی بتلاؤ کہ ہم بتلائیں کیا ؟

2,861

ممبئی : آپ نے واٹس ایپ یونیورسٹی کا نام سنا ہے ۔ یہ اس دور کا سب سے غیر معتبر دانش گاہ ہے جہاں ایسے ایسے کارنامے ظہور پذیر ہو رہے ہیں کہ الاماں ۔ واٹس ایپ کے عروج کے دور سے ہی کچھ لوگوں کو خواہ مخواہ کچھ بھی شیئر کرنے کا خبط سوار ہوگیا ہے ۔ اپنی اس خواہش کی تکمیل کیلئے یہ منگھڑت احادیث اور کسی بھی بزرگ سے منسوب اقوال شیئر کرکے یوں محسوس کرتے ہیں گویا انہوں نے کوئی بہت بڑا کارنامہ انجام دیا ہو ۔ ایسا ہی کچھ علامہ اقبال اور بچارے چچا غالب کے ساتھ بھی ہو رہا ہے ۔ محض تک بندی اور انتہائی گھٹیا اشعار مرزا غالب اور علامہ اقبال کے نام سے منسوب کرکے خوب پھیلایا جارہا ہے ۔ اس کا اثر شہر ممبئی کی ایک بہت ہی باوقار اور حکومتی سرپرستی میں انجام پذیر تقریب نقش غالب کی ناگپاڑہ میں تنصیب کے بعد رانی باغ میں مرزا غالب کی شخصیت اور فن پر منعقد ایک پروگرام میں بھی نظر آیا جہاں کے بینر پر مرزا غالب سے منسوب کئی اشعار نظر آئے جسے شعر کہنا بھی اردو شاعری کی توہین ہے لیکن ان بیہودہ تک بندیوں کو مرزا غالب سےمنسوب کردیا گیا ۔ ان کو آپ تصویر میں دیکھ سکتے ہیں ۔

پرگروام پر محمد اسلم غازی کا انتہائی مختصر تبصرہ بھی پڑھ لیں ، ’بہت اچھا پروگرام کیا بی جے پی اور شیو سینا الیکشن سے قبل مسلمانوں کو رجھا رہی ہے؟ لیکن ایک بہت ہی بڑی غلطی پر کسی کی نظر  نہیں گئی‘ ۔ دیوار پر لکھے درج ذیل دو شعر غالب کے نہیں ۔ بلکہ یہ شعر ہیں ہی نہیں نری تک بندی ہے ۔

١. گزر جائے گا یہ دور بھی غالب ذرا اطمینان تو رکھ

جب خوشی ہی نہ ٹھہری تو غم کی کیا اوقات ہے؟

٢. اس طرح ہم نے زندگی کو آسان کر دیا

کسی سے معافی مانگ لی کسی کو معاف کر دیا

یہ تو غالب کی سخت توہین ہو گئی ۔

ان چار لائنوں کے تعلق سے ورلڈ اردو نیوز نے اپنی کم علمی دور کرنے کیلئے سہیل احمد وارثی سے گفتگو کی تو انہوں نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ غلطی ہے اور بلا شبہ بہت بڑی غلطی ہے ۔ لیکن انہوں نے اس کیلئے کارپوریٹر رئیس شیخ کو ذمہ دار ماننے سے انکار کیا ۔ سہیل وارثی کا کہنا ہے کہ یہ ان کی غلطی ہے جنہیں رئیس شیخ نے یہ ذمہ داری سونپی تھی لیکن بہر حال کسی نہ کسی طرح رئیس شیخ بھی اس کی ذمہ داری سے نہیں بچ سکتے ۔ سہیل وارثی نے بتایا کہ نقش غالب کیلئے تو انہوں نے مجھ سمیت کئی اور اہل علم سے مشورہ لئے تھے اس لئے نقش غالب پر جو اشعار کندہ ہیں وہ صحیح اور مرزا غالب کے ہیں ۔ لیکن فلیکس بینر پر بھی اتنی فاش غلطی افسوسناک ہے ۔ ورلڈ اردو نیوز کے نمائندہ نے کئی بار رئیس شیخ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن انکا موبائل یا تو پہنچ سے باہر ملا یا وہ مصروف رہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.