صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

رئیس جونیر کالج میں طالبات کی ثقافتی تقریب کا انعقاد

1,605

بھیونڈی : (عارِف اگاسکر) طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما کے لیے ضروری ہے کہ تعلیم گاہوں میں درسی کتابوں کی تدریس کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں بھی انجام پاتی رہیں ۔ رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج میں طلبہ کی مکمل شخصیت سازی کے اس پہلو پر بھی توجہ دی جاتی ہے ۔ اسی سلسلے میں گذشتہ دنوں رئیس جونیر کالج گرائونڈ پر افسر فاروقی صدر شعبہ اردو اسماعیل یوسف کالج ، ممبئی کی صدارت میں انتہائی جوش و خروش سے طالبات کے ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پربطور مہمان خصوصی معروف گائنا کولوجسٹ ڈاکٹر جیا گوگاری بھی شریک ِمحفل تھیں ۔ جبکہ مہمانِ اعزازی کے طور پر پروفیسر رونق رئیس(بی این این کالج ، بھیونڈی) ، ڈاکٹر بشریٰ سید(سٹی ٹیوبر کلو سس آفیسر) ، رئیس جونیر کالج کی سابق طالبہ ڈاکٹر نازیہ پٹیل اور یاسمین سمیر مقری بھی موجود تھیں ۔

علاوہ ازیں کوکن مسلم ایجوکیشن سوسا ئٹیز اردو پرائمری اسکول کی ہیڈ مسٹریس شاذیہ گریل ، بی ایڈ کالج کی پرنسپل ڈاکٹر روندر کور ، کے ایم ای سوشائٹی کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصدق پٹیل ، رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج کے چیرمن شفیع مقر ی ، پرنسپل ضیاء الرحمن انصاری ، وائس پرنسپل عامر صدیقی ، اسسٹنٹ ہیڈ ماسٹر مخلص مدو ، سپر وائزرس اسرار پٹھان ، محمود برکتی ، فیروز الدین شیخ اور وائی سی ایم اویو کے کوآرڈ نیٹر عبدالعزیز انصاری نے بہ نفسِ نفیس مذکورہ تقریب میں شریک ہو کر طالبات کی حوصلہ افزائی کی ۔ مہمانان کا استقبال نیزاغراض و مقاصد رومیشہ شیخ نے مخصوص انداز میں بیان کیا ۔ ثقافتی پروگرام میں طالبات نے تمثیل ، غزل سرائی ، لطیفہ گوئی ، مونوایکٹ ، قوالی وغیرہ پیش کیا ۔ صادق انصاری کا تحریر کیا ہوا اور شاہدہ پروین ، الفیہ مومن اور شاہین شیخ (معلمہ) کی ہدایت کاری سے سجا ڈراما ’رلاتا ہے تیرا نظارہ اے ہندوستاں مجھ کو‘ بھی پیش کیا گیا ۔

طالبات کی ساری پیش کش کو بے انتہا سراہاگیا اور سبھی کو اعزاز دیا گیا ۔ طالبات کی کثیر تعداد کے علاوہ ان کی والدات بھی اس دلچسپ پروگرام میں شریک ہوئیں اور اس یادگار تقریب کا حصہ بن کر خوشی کا اظہار کیا ۔ تقریب کا آغازجونیر کالج کی طالبہ مومن صدف کے ذریعے تلاوتِ کلام پاک سے ہوا ۔ نظامت مزدان ملا اور رومیشہ شیخ(معلمات) نے بحسن و خوبی انجام دی ۔ ثقافتی امور کے انچارج جنید فاروقی کے ساتھ شاہدہ مومن اور سکینہ سارنگ اس دلچسپ ثقافتی پروگرام کی کنوینرس تھیں ۔ تمام اساتذہ کے تعاون سے یہ جلسہ بہت کامیاب رہا اور وائس پرنسپل عامر صدیقی کے جامع اظہارِ تشکر پر اختتام پذیر ہوا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.