صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

انجمن نورالاسلام ساکی ناکہ میں آئیڈیل ایجوکیشنل موومنٹ کی ’گونج‘

1,505

ممبئی : (نور محمد خان) ساکی ناکہ تلک نگر میں واقع انجمن نورالاسلام اردو ہائی اسکول میں آئیڈیل ایجوکیشنل موومنٹ کی جانب سے ’گونج‘ عنوان کے تحت سالانہ جلسہ برائے تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا ۔ تعلیمی سال ۲۰۱۷/۱۸میں دسویں جماعت میں ایس ایس سی بورڈ امتحان میں ۷۵فی صد سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے ۳۰ طلبہ اور طالبات کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا اس موقع پر آئیڈیل ایجوکیشنل موومنٹ کے چیئر مین ہارون رکھانگی نے سامعین سے مخاطب ہو کر فرمایا کہ ہمارے اساتذہ کرام کے درس وتدریس سے جو طلباء ایس ایس سی بورڈ امتحان میں امتیازی نمبرات سے کامیاب ہوتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ہرسال تقسیم انعامات کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ بچوں کا حوصلہ بلند ہو اور تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کریں ۔ ہارون رکھانگی نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں ایسے افراد ہیں جن کے پاس اضافی تعلیم کے لیۓ پیسے نہیں ہیں برسوں سے ایسے غریب ونادار طلبہ آئیڈیل سے فیضیاب ہورہے ہیں ۔
آئیڈیل ایجوکیشنل موومنٹ کے سکریٹری امین پٹیل نے کہا کہ طلباء احساس کمتری کا شکار نہ ہوں بلکہ اپنا ہدف طے کریں اور اسے حاصل کرنے کی کوشش کریں کیونکہ ایسے طلباء بھی ہیں جنہیں معاشی تنگی تعلیمی اخراجات میں دشواریاں پیدا کرتی ہیں ۔ امین پٹیل نے کہا کہ معاشی تنگی اور افلاس تعلیمی ترقی میں مانع نہیں ہے بلکہ آپ میں ٹیلنٹ ہے تو یقیناً کامیابی آپ کے قدم چومے گی ۔
انجمن نورالاسلام اردو ہائی اسکول کے سابق پرنسپل نور محمد ملک سرنے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اپنی زبان میں شائستگی پیدا کریں اور محنت ولگن کو اپنا دوست بنائیں کامیابی یقینی ہے ۔ نور محمد ملک سر نے کہا کہ آئیڈیل کی خدمات میں نے پہلے بھی فراہم کی ہیں اور تادم حیات انشاء اللہ خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہوں ۔
انجمن نورلاسلام اردو ہائی اسکول کے ٹرسٹی الحاج وسیم قادری نے طلبہ سے فرمایا کہ آپ لوگ خوش قسمت ہیں کہ اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے کا موقع حاصل ہوا اور آئیڈیل ایجوکیشنل موومنٹ جیسی تنظیم کی رہنمائی تمہیں میسر ہے ۔
آئیڈیل ایجوکیشنل موومنٹ کے انچارج امین مہمتولے نے بھی پروگرام کے اغراض و مقاصد پرروشنی ڈالی اورمہمانان کا تعارف پیش کیا اور موومنٹ کے ممبران میں شیخ اقبال سر واشفاق سر اس کے علاوہ ایجوکیشنل کاؤنسلر ضیاء الدین سر وعبدالسلام سلفی پیش پیش تھے ۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں معلمہ زینت اورمینا طاہر سمیت آئیڈیل کے پورےعملہ نے اپنا تعاون پیش کیا ۔
تقریب کا آغاز آئیڈیل کے طالب علم محمد شعیب کی تلاوت قران پاک سے ہوا اورحمدیہ کلام طالبہ ارم نیاز احمد ونعتیہ کلام شفق نوشاد نے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ نیزآئیڈیل کی طالبات نے عبدالجبار شولاپوری کے استقبالیہ گیت سے مہمانان کا خیر مقدم کیا نظامت کے فرائض کو فیصل مارولوی نے انجام دیۓ اور رسم شکریہ پرویز عتیق الرحمن نے ادا کی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.