صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

این سی پی لیڈران کی بی جے پی پر یلغار

 کسانوں اور محنت کشوں کے مسائل حل کرنے کے لیے بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کیا جائے

1,938

بھیونڈی : (عارِف اگا سکر) مر کز اور ریاست میںبی جے پی حکومت کے دور اقتدار میں مہاراشٹر میں کسانوں کی خودکشی میں اضافہ ہوا ہے ، شہر میں سبزی ترکاری کے دام آسمان تک پہنچ گئے ہیں لیکن محنت کش کسانوں کی پیداوار کو اچھی قیمت دستیاب نہ ہو نے سے رِیاست کے کسانوں پر فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے نیز وہ مقروض ہو گئے ہیں ۔ جب تک بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل نہیں کیا جاتا تب تک رِیاست کے کسان اور محنت کشوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے ۔ گذشتہ منگل ۲۲؍ جنوری کو راشٹروادی کانگریس پارٹی کے زیر اہتمام بھیونڈی شہر کے مختلف مسائل کے تدارک اور تعلیم یافتہ نو جوان ، خواتین اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے پارٹی کے صدر خالد گڈو کی جانب سےبھیونڈی کےگو پال نگر کےعلاقہ میں واقع پاٹیدار ہال میںمنعقدہ جلسہ عام میں حاضرین سے خطاب کر تے ہو ئے راشٹر وادی کی خاتون رکن اسمبلی وِدیا تائی چو ہان نے بی جے پی پر سخت تنقید کر تے ہوئے کہا ۔ اس موقع پر راشٹر وادی کی خاتون رکن پارلیمان وند نا تائی چو ہان ، راشٹروادی کانگریس کے بھیونڈی شہر ضلع صدر خالد گڈو،کار گذار صدر انیل پھڈ ترے ، شعبہ خواتین کی صدر سواتی کامبلے ، الہاس نگر میو نسپل کارپوریشن کےحزب مخالف لیڈر بھرت گنگو تری ، سانگلی کے سابق میئر سریش پاٹل ، حلیم خان ، فیض عالم ، غلام خان ، عارِف علوی ، سمیت بڑی تعداد میں نوجوان ، خواتین اورپارٹی کے رضا کار مو جود تھے ۔

انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ تھانے ضلع کے دیگر شہروں کےمقابلہ میں بھیونڈی شہر کی حالت دگر گوں ہوئی ہے ۔ اس شہر میں بہترین راستے ، پینے کے پانی کی قلت ، صاف صفائی ، بہترین اسپتال ، بہتر تعلیمی ادارےاورپلے گرائونڈ جیسے مسائل کا فقدان نظر آتا ہےجس کے لیےاس شہر کا میو نسپل انتظامیہ ذمہ دار ہے ۔ ان مسائل کا تدارک کر نے کی بجائے بی جے پی سرکار شہری ترقیات کے مدعوں کی بجائے مذہبی مدعوں کو عوام کے سامنے لا کر انھیں آپس میں لڑا رہی ہے ۔ اس سرکار نے عوام کو مایوس کیا ہے اس لیے بی جے پی کی اس سرکار کو اقتدار سے بے دخل کر نے کے لیے ہم سب کا متحد ہو نا ضروری ہے۔انہوں نے بی جے پی کی بے جا اور غلط پالیسیوں پر کڑی تنقید کر تے ہو ئے کہا کہ بھیونڈی کی پاور لوم صنعت کساد بازاری کا شکار ہو گئی ہے ۔ مذکورہ صنعت پر چھائے بحران کی وجہ سے پاورلوم مالکان اور مزدور شدید پریشانی میں مبتلاء ہیں اور مزدوروں پر فاقہ کشی کی نو بت آگئی ہے ۔ جس کے لیے بی جے پی سر کار بری الذمہ نہیں قرار دیا جاسکتا ۔

رکن پارلیمان وندنا تائی چوہان نے بھیونڈی شہر کی عوام کو درپیش بنیادی سہولیات اور مسائل کے تدارک کے لیے ایک کروڑ کافنڈ دینےکا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ وہ اس شہر کو ایک نیا ویژن دینے کے لیے حتیٰ الممکن کو شش کریں گی ۔ تاکہ اس شہر کے انفراسٹکچر کو تبدیل کیا جا سکے ۔ اس سلسلے میں وہ جلد ہی پارٹی کے قومی صدر شرد پوار سےتفصیلی گفتگو کریں گی اور انھیں یہاں کے مسائل سے آگاہ کریں گی ۔ انہوں نے انتہائی افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ انھیں پتہ نہیں تھا کہ ہمارے ملک میں بھیونڈی جیسا شہر بھی بستا ہے جو دیہات اور گائوں کی یاد دلا تا ہے ۔ انہوں نے اس شہر کونیو بھیونڈی کا ویژن دینے کا عہد کر تے ہو ئے کہا کہ اس شہر کے ڈاکٹر ، انجنیئر ، بار اسو سی ایشن ، عدالت ، ٹورینٹ پاور کمپنی سمیت میو نسپل کارپوریشن کے متعدد مسائل ہیں جن کا تدارک کر نے کے بعد ہی اس شہر کو ایک نیا ویژن دیا جا سکتا ہے جس میں کافی عرصہ درکار ہے ۔ لیکن وہ اپنے عہد پر قائم ہیں اور اس شہر کو نیا ویژن دے کر رہیں گی ۔ خالد گڈو کے ذریعہ جب ان کے علم میں یہ بات لائی گئی کہ گذشتہ دنوں قومی و بین القوامی شہرت یافتہ بھیونڈی کے معروف صحافی ، ماہر خطاط ، آرٹسٹ ، فیض نستعلیق کے خالق اور شعبہ طب کے ذریعہ اپنی شناخت بنانے والے مرحوم ڈاکٹر ریحان انصاری کے شدید دورہ قلب کے دوران بھیونڈی شہر میں کوئی بھی کارڈیک ایمبولینس دستیاب نہ ہو نے سےانھیں تھانے کے اسپتال منتقل کر نے کے لیے کلیان سے کارڈیک ایمبولینس طلب کر نا پڑی تھی تو انہوں نے شدید افسوس کا اظہار کر تے ہوئے فوراً اعلان کیا کہ بیادگار ڈاکٹر ریحان انصاری جلد ہی وہ اس شہر کو تمام لوازمات سے مزین ایک کارڈیک ایمبولینس فراہم کریں گی تاکہ یہاں کے شہریوں کو راحت نصیب ہو ۔ جبکہ رکن اسمبلی ودیا تائی چو ہان نےان تعلیمی اداروں میں جہاں طلباء کو کمپیوٹر دستیاب نہیں ہیںدس لاکھ کی رقم دینے کا اعلان کیا تاکہ ان طلباء کی ذہنی بالید گی میں اضافہ ہو سکے ۔

بھیونڈی انجینئر اینڈ آرکٹیکٹ اسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری جاوید فیضان اعظمی نے حاضرین سے خطاب کر تے ہوئے کہا  کہ شہر کے ڈیو لپمینٹ پلان پر عمل در آمد ہو نا انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھیونڈی شہر ممبئی شہر سے قریب ہو نے سے اسے ترقی ملنا چاہیئے تھی لیکن یہ شہر ترقی سے محروم ہے اس کا ذمہ دار کون ہے؟ یقیناً یہاں کے لیڈران اور عوامی نمائندے ہی اس کے ذمہ دار ہیں جنھوں نے اس شہر کو تنزلی کی جانب گامزن کیا ہے ۔ انجینئر دُراج کامنکر نے کہا کہ بھیونڈی شہر کو پانچ افراد مل کر چلا رہے ہیں ۔ مر کزی حکومت سے جو فنڈ اس شہر کو حاصل ہو تا ہے اسے اس شہر کی فلاح و بہبودگی کے لیے استعمال نہیں کیا جا تا بلکہ یہی لوگ اس میں لوٹ گھسوٹ کر تے ہیں ۔ مفتی حذیفہ قاسمی نے کہا کہ میرا کسی سیاسی پارٹی سے ناطہ نہیں ہے لیکن جب بھی شہر اور عوام کی فلاح و بہبود گی کا معاملہ آئے گا وہ حاضر رہیں گے ۔ ڈاکٹر حفیظ انصاری نے کہا کہ بھیونڈی شہر میں جو بھی ہیلپ سینٹر مو جود ہیں وہ کام نہیں کر رہے ہیں ۔ جبکہ اند را گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال سے بھی عوام کو کو ئی فائدہ حاصل نہیں ہو رہا ہے ۔

بھیونڈی شہر ضلع راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے صدر خالد گڈو نے کہا کہ بھیونڈی شہرکی بر بادی کے لیے میو نسپل انتظامیہ اور یہاں کے عوامی نمائندے ذمہ دار ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ و ہ گذ شتہ دس برس سے مسلسل راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے صدارتی عہدے پر فائز ہیں ۔ پارٹی کو تقویت اور مضبوطی عطا کر نے کے سبب ہی  پارٹی نےانھیں اس عہدے پر بحال رکھا ہوا ہے ۔ شہرمیں راشٹر وادی کانگریس پارٹی کو بی جے پی اور شیو سینا سے زیادہ کانگریس کی مخالفت جھیلنا پڑتی ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ انتخا بی سمجھوتہ کی بنا پر اور پارٹی اعلیٰ کمان کے حکم کی وجہ سے راشٹر وادی کانگریس کے رضاکار کانگریسی امیدوار کا کام کر تے ہیںلیکن کانگریسی لیڈران اس پر کوئی توجہ نہیں دیتے ۔ انہوں نے پارٹی لیڈران سےاپنے عندیہ کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ اسمبلی انتخاب میں بھیونڈی اسمبلی حلقہ سےراشٹر وادی کانگریس پارٹی کے امیدوار کو ٹکٹ دیا گیا تو پارٹی کے رضا کار انتہائی دل جمعی سے کام کریں گے اور پارٹی کے امیدوار کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے جس کے سبب شہر میں پارٹی کی طاقت میں مزید اضافہ ہو گا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.