صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

کنہیا کمار نے ’بھگوان کرشن‘ کی مثال پیش کرتے ہوئے بی جے پی کو بنایا تنقید کا نشانہ

215,567

کانگریس لیڈر کنہیا کمار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انھوں نے شری کرشن اور کنس کی تصویر دکھائی ہے، ساتھ ہی کیجریوال، ہیمنت سورین اور سسودیا کو جیل میں بھی دکھایا ہے۔

شمال مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ سے کانگریس اور انڈیا اتحاد کے امیدوار کنہیا کمار لگاتار اس انتخابی حلقہ کا دورہ کر رہے ہیں اور بی جے پی کی عوام مخالف پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔ ان کی تقریروں پر عوام تالیاں بھی بجا رہے ہیں اور فلک شگاف نعروں سے ان کا حوصلہ بھی بلند کر رہے ہیں۔ اس درمیان کنہیا کمار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں بھگوان شری کرشن کی مثال پیش کرتے ہوئے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

کنہیا کمار نے جو ویڈیو شیئر کی ہے اس میں کچھ کاریگری کی گئی ہے اور بیک گراؤنڈ میں کچھ تصویروں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس ویڈیو میں وہ کہتے ہیں ’’میرا نام کنہیا ہے اور بھگوان کرشن کا جنم جیل میں ہوا تھا۔ آپ نے ہمیں جیل میں ڈالا۔ آپ اس ملک کے اپوزیشن کے منھ پر تالا لگانا چاہتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’کرشن جیل میں پیدا ہوئے، چاہتے تو اقتدار کی تاناشاہی کے سامنے جھک کر ماما کنس کے دربار میں اپنے لیے ایک سیٹ پختہ کر لیتے، لیکن بھگوان شری کرشن نے کنس کے دربار میں جانا قبول نہیں کیا۔ گوکل والوں کی گائے چَرانا قبول کیا۔‘‘

اس ویڈیو میں کنہیا کمار نے بھگوان شری کرشن کی تصویری جھلک بھی پیش کی ہے، اور ساتھ ہی اروند کیجریوال، ہیمنت سورین و منیش سسودیا کو جیل میں قید بھی دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کے ذریعہ کنہیا کمار نے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے کہ تاناشاہی کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو جیل میں ڈالا جانا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ساتھ ہی کنہیا نے ظلم کے خلاف متحد ہو کر لڑنے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.