گھر کے قریبی اسکولوں میں تبادلہ کی خاطر
جعلی دستاویزات جمع کرنے والے اساتذہ کی خیر نہیں اسیم کمار گپتا کا اساتذہ کو انتباہ
اورنگ آباد : (جمیل شیخ) ریاست کے شعبہ تعلیم کی جانب سے ضلع پریشد کے اساتذہ کے تبادلے آن لائن کرنے کا فیصلہ لیا گیا تھا ۔ اورنگ آباد ضلع کے ساتھ دیگر ضلعوں کے کئی اساتذہ نے جعلی دستاویز جمع کرکے اپنے نزدیکی اسکولوں میں تبادلہ کروالئے تھے ۔ ضلع سطح پر شکایت آنے کے بعد ایسے اساتذہ کی دستاویزات کی چھان بین بھی کی گئی تھی جس میں کئی اساتذہ کی جعلسازی سامنے آئی ۔ اس ضمن میں حال میں شکشک سینا کا ایک وفد دیہی ترقیاتی شعبہ کے سیکریٹری اسیم کمار گپتا سے ملا تھا ۔ جس میں جعلی دستاویز داخل کرکے نزیکی اسکول حاصل کرنے والے اساتذہ کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔ اسیم کمار گپتا نے صاف کہا کہ ایسے کسی بھی معلم کو بخشا نہیں جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ 27 فروری 2017 کو ایک ساتھ آن لائن طریقہ سے ضلع پریشد کے سبھی اساتذہ کے تبادلے کا تاریخی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا ۔ اورنگ آباد ضلع میں حکومت کے احکامات کے تحت ضلع کے اساتذہ نے آن لائن جانکاری دے کر اپنے تبادلے کروالیے ۔ اس میں17 اساتذہ ایسے ہیں جن میں میاں بیوی نے ایک ہی اسکول میں رہنے کیلئے بیماری کے جعلی دستاویز آن لائن بھر کر دیئے تھے ۔ شکشک سینا کی جانب سے دیئے گئے میمورنڈم میں 30کلو میٹر کے فاصلے سے زائد مقامات پر جن میاں بیوی کو جگہ دی گئی ہے انہیں دوبارہ 30کلو میٹر کے اندر لانے کیلئے کوشش کی جائے‘حاملہ خاتون اساتذہ اور جن خواتین کے بچے چھوٹے ہیں ان کے تبادلے بھی گھر سے قریب کئے جائیں ۔ حکومت کو گمراہ کرکے جن اساتذہ نے تبادلہ کروالئے ان کی جانچ کی جائے اور ساتھ ہی سینئر اساتذہ کی ترقی کا فیصلہ لیا جائے ۔ ان مطالبات پر بھی جلد سے جلد غور کرنے کا وعدہ وفد سے سیکریٹری اسیم کمار گپتا نے کیا ہے ۔