ماہم میں نوجوان کی گردن کٹی لاش ملنے سے سنسنی
ممبئی: (ریحان یونس) بدھ کو ماہم پولس کو ایک 31 سالہ فرد کی لاش ملی جس کا گلا کٹا ہوا تھا ۔ پولس نے اس معاملہ میں نامعلوم شخص کے خلاف قتل کا معاملہ درج کر لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق متاثر کی شناخت افسر خان 31 کے طور پر ہوئی ہے جو نئی ممبئی کا رہنے والا تھا ۔ مقامی لوگوں نے بدھ کوشام 6 بجے کے قریب ہندوجا اسپتال کے بالکل پیچھے ایک شخص کو خون میں لت پت پڑا ہوا دیکھا ۔ مقامی لوگوں نے مذکورہ شخص کو فوراً اسپتال پہنچایا جہاں اسے داخل کرتے ہی مردہ قرار دیا گیا ۔
پولس افسران نے اس کی تلاشی لی تو اسکا فون ملا جس کے ذریعے مقتول کے اہل خانہ کو اطلاع دی گئی ۔ مقتول اپنی بیوی ، بھائی اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ نئی ممبئی کے قریب کلمبولی میں رہتا تھا ۔ مقتول گاڑیوں کے سازوسامان کا کاروبار کرتا تھا ۔ پولس کو ابھی تک اس بات کا پتہ نہیں چل سکا ہے کہ وہ ماہم میں کیا کر رہا تھا ۔ اس معاملہ میں مشتبہ قاتلوں کی تلاش کے لئے پولس سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کر رہی ہے ۔ لاش پوسٹ مارٹم کے بعد اس کے اہل خانہ کو سونپ دی گئی ہے ۔