صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

زیر تعمیر عمارت سے گر کر دو مزدوروں کی المناک موت

شیو سبری ڈیولپرس ، دھیرج انفرا پرائیویٹ کمپنی کے مالکان ، ٹھیکیدار اور سائیٹ سپر وائزر کے خلاف مقدمہ درج

1,850

ممبئ : (ریحان یونس) چیمبور علاقہ میں آرکے اسٹوڈیو کے قریب شیو سبری ڈیولپرس کے زیر نگرانی زیر تعمیر بلڈنگ کے 10 ویں منزلہ سے گر کر دو مزدوروں کی موت واقع ہوگئی ۔ مذکورہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں مزدور 12 ویں منزلہ پر شیشہ لگا رہے تھے ۔ پولس نے اس معاملہ میں ڈیولپر ، ٹھیکیدار اور دیگر ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کر کے معاملہ کی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے ۔ گوونڈی پولس اسٹیشن کے پولس افسر ششی کانت پوار نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد کی شناخت راجندر کول 45اور احمد شہادت شیخ 32 کے طور پر ہوئی ہے ۔

دونوں ہی مزدور مدھیہ پردیش کے رہنے والے تھے اور اسی زیرتعمیر عمارت میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہتے تھے ۔ اس معاملہ میں پولس نے اے ڈی آر کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور تادمِ تحریر دونوں مزدوروں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے راجہ واڑی اسپتال روانہ کر دیا گیا تھا ۔ مقامی شیوسینا کارپوریٹر انیل رامچندر پٹناکر نے اس معاملہ کی غیر جانبدارنہ جانچ کا مطالبہ کیا ہے اور ہلاک ہونے والے مزدوروں کے اہل خانہ  کو معاوضہ دینے کا بھی مطالبہ کیا ۔

پولس نے دونوں ہلاک شدگان کی لاش کو ان کے آبائی وطن مدھیہ پردیش بھیجنے کا انتظام کرنے کا تیقن دلایا ہے ۔ کارپوریٹر انیل پٹناکر نے کہا کہ زیر تعمیر عمارتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے لئے حفاظتی انتظامات نہیں کئے جاتے جس کے سبب ان کی جان ہر وقت خطرہ میں ہوتی ہے ۔ مزدوروں کی حفاظت کا پختہ نظم کیا جانا چاہیے ۔ گوونڈی پولس اسٹیشن کے پولس افسر ششی کانت مانے نے کہا کہ ہم نے اس معاملہ میں شیو سبری ڈیولپرس،دھیرج انفرا پرائیویٹ کمپنی کے مالکان ، ٹھیکیدار اور سائیٹ سپر وائزر کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 304(اے) اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور معاملہ کی مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.