صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

کنگنا کے بھیک میں ملی آزادی والے بیان پر سیاسی گرمی میں اضافہ ، پدم شری ایوارڈ واپس لینے کا مطالبہ

77,348

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت اپنے بھیک میں ملی آزادی والے بیان پر تنازعات میں گھری ہوئی ہیں۔ کنگنا کے بیہودہ بیان کے سبب اپوزیشن مسلسل حملہ آور ہے۔ اب یہ مطالبہ بھی اٹھ رہا ہے کہ صدر جمہوریہ کنگنا سے پدم شری کا اعزاز واپس لیں۔ ادھر بہار کے سابق سی ایم جیتن رام مانجھی کی بہو دیپا مانجھی نے بھی کنگنا رناوت کے بیان کی سخت مذمت کی ہے۔ مہاراشٹر حکومت کے وزیر نواب ملک نے کنگنا کو نشیڑی قرار دیتے ہوئے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

کنگنا کے اس بیان پر بی جے پی ایم پی ورون گاندھی نے بھی سخت اعتراض کیا ہے۔ ورون لکھتے ہیں کہ کبھی مہاتما گاندھی کی قربانی اور ان کی جدوجہد کی توہین، کبھی ان کے قاتل کا احترام، اور اب وطن کیلئے قربان منگل پانڈے سے لے کر رانی لکشمی بائی، بھگت سنگھ، چندر شیکھر آزاد، نیتا جی سبھاش تک لاکھوں آزادی پسندوں کی قربانیوں کی توہین۔ اس سوچ کو پاگل پن کہوں یا غداری؟

الزامات اور جوابی الزامات کے درمیان کنگنا کے بیہودہ بیان کے بعد، عآپ کی نیشنل ایگزیکیوٹو ممبر پریتی شرما مینن نے اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف ممبئی پولیس سے شکایت کی ہے اور معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مینن نے کہا ہے کہ وہ ممبئی پولیس سے کارروائی کی توقع رکھتی ہیں۔

دراصل، ‘آزادی 2014 میں حاصل ہوئی’ جیسے بیانات دے کر کنگنا نے ملک اور دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ جس کے بعد ملک کے منظر نامے پر سیاسی بھونچال آ گیا ہے۔ کنگنا کے متنازعہ بیان کی نہ صرف مذمت کی جا رہی ہے بلکہ ان سے پدم شری واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے

این سی پی لیڈر اور مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک نے بھی کنگنا کے حقیقی آزادی والے بیان کی مذمت کی ہے۔ نواب ملک نے جمعہ کو کنگنا رناوت کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بالی ووڈ اداکارہ نے بیان دینے سے پہلے بھاری مقدار میں نشہ لیا تھا۔ آرین خان کیس میں این سی بی افسر سمیر وانکھیڑے پر حملہ کرنے والے نواب ملک نے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ کنگنا رناوت کا یہ بیان کہ ہندوستان کو 2014 میں آزادی ملی یہ آزادی پسندوں کی توہین ہے ۔ مرکز کنگنا سے پدم شری واپس لے اور اسے گرفتار کرے۔

کنگنا کے بیان کے بعد کانگریس اور شیوسینا نے بھی اداکارہ کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا ہے کہ کنگنا نے ملک کی توہین کی ہے۔ ان کے تمام قومی اعزازات واپس لیے جائیں۔ راوت نے کہا کہ بی جے پی کو کنگنا کے بیان پر اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے۔ وہیں کانگریس لیڈر اور سابق ایم پی سنجے نروپم نے بھی اداکارہ کے بیان پر تنقید کی ہے۔ نروپم نے کہا ہے کہ کنگنا کو اپنے بیان پر ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔

عام آدمی پارٹی کی رہنما پریتی شرما مینن نے بھی ممبئی میں کنگنا کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ پریتی نے ممبئی پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ جس میں پولیس سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ کنگنا رناوت کے خلاف بغاوت اور اشتعال انگیزی والے بیانات پر کارروائی کرے۔ کنگنا کے خلاف بغاوت کی دفعہ ۱۲۴ اے ، ۵۰۴ اور ۵۰۵ کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

حال ہی میں پدم ایوارڈ سے نوازے جانے والی کنگنا رناوت نے گزشتہ دنوں ایک ٹی وی چینل پر منعقدہ پروگرام میں رانی لکشمی بائی سمیت کئی مجاہد آزادی کا نام لیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ لوگ جانتے تھے کہ خون بہے گا۔ لیکن یہ ہندوستانی خون نہیں ہوگا۔ وہ آزادی نہیں بلکہ بھیک تھی۔ ہمیں جو آزادی ملی وہ 2014 میں ملی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.