صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

پولس نے فٹ پاتھ کے تجاوزات  ہٹادیئے

 راہگیروں کے لئے مختص ہے مگر شہر میں کئی مقامات پر چھوٹے کاروباریوں کا ناجائز قبضہ ہے

1,446

ناندیڑ:(نامہ نگار) ناندیڑ شہر میں موٹر گاڑیوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ سڑکوں کی چوڑائی کم اور گاڑیوں کی تعداد زیادہ ہونے سے شہر کی اہم ترین شاہراہوں پر ٹرافک کا مسئلہ پیدا ہورہا ہے ۔ فٹ پاتھ پر بھی ناجائز قبضہ جات بڑھ چکے ہیں ۔ فٹ پاتھ پیدل چلنے والے راہگیروں کے لئے مختص ہوتا ہے مگر شہر میں کئی مقامات پر فٹ پاتھ پر چھوٹے کاروباریوں نے ناجائز قبضہ جات کررکھے ہیں ۔ اس کے سبب بھی شہر میں ٹرافک کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے ۔ ناندیڑ ٹرافک پولس شہر میں ٹرافک نظم میں بہتری کے لئے سڑک پر اُتر کر کام کررہی ہے اس کے باوجود بھی لوگوں کو کوئی راحت نہیں مل رہی ہے ۔ آج ٹرافک پولس کے عملہ نے مہاویر چوک تا کلا مندر مین روڈ پر فٹ پاتھ پر موجود ناجائز قبضہ جات کو ہٹاتے ہوئے سڑکوں کو کشادہ کرنے کی کوشش کی ۔ حالانکہ وقفہ وقفہ سے میونسپل کارپوریشن کا عملہ بھی شہر میں سڑکوں اور فٹ پاتھ پر سے ناجائز قبضہ جات ہٹانے کے لئے مہم چلاتا آیا ہے ۔

مہم کے کچھ دن بعد دوبارہ سے حالات جوں کے توں ہوجاتے ہیں ۔ ناندیڑ شہر میں ان دنوں سب سے زیادہ ٹرافک کا سنگین مسئلہ سری نگر مین روڈ ‘ ورکشاپ کارنر‘ شیواجی نگر‘ کلا مندر‘ وزیر آباد چوک‘ قدیم مونڈھا‘ برقی چوک‘ دیگلور ناکہ چوراستہ پر درپیش ہے ۔ تقریبا ۱۰ سال قبل گروتاگدی پروگرام کے دوران شہر کی کچھ سڑکوں پر ماسٹر پلان کے تحت انہدامی کاروائی کرکے سڑکوں کی توسیع کرکے اراضی حاصل کی گئی تھی ۔ پچھلے ۱۰ سال کے دوران موٹر گاڑیوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے مگر سڑکوں کی چوڑائی میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ۔ شہر میں ٹرافک کا مسئلہ دن بدن سنگین بنتاجارہا ہے ۔ اس کے لئے ضلعی انتظامیہ کو ٹھوس اقدامات اٹھانے ضروری ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.