صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

مسلم علاقوں میں سودی کاروبار کا پھیلتا جال

وصولی کےکام کیلئے مسلم نوجوانوں کا استعمال کیا جاتا ہے

1,579

ناندیڑ : (منتجب الدین)اسلام میں سود کا کاروبار مکمل طور پر حرام ہے ۔ سود کے کاروبار میں مدد کرنا‘ یا سود خود کا ساتھ دینا یہ بھی حرام کام میں شامل ہے ۔ ناندیڑ شہر میں مسلم علاقوں میں غریب افراد سود کی لعنت میں پھنستے جارہے ہیں ۔ چھوٹے کاروباریوں کو کاروبار کے نام پر سود سے رقم فراہم کی جارہی ہے ۔ شہر کے مسلم علاقوں میں چند غیر مسلم افراد نے سود کا جال بچھا رکھا ہے ۔ سود کی رقم ادا نہ کرنے پر غریب افراد کو سود خور کے کارندے ہراساں کرتے ہیں ۔ پچھلے دنوں شیواجی نگر پولس اسٹیشن میں غیر قانونی سود کا کاروبار کرنے والے سود خوروں کے خلاف مقدمات کا بھی اندراج ہوا تھا ۔ مسلم علاقوں میں غریب افراد کو سود سے رقم دلوانے کے لئے مقامی مسلم نوجوانوں کو استعمال کیا جارہا ہے ۔

بتایا جارہا ہے کہ سود خور کاروباری مسلم علاقوں میں اپنی رقم وصولی کے لئے ۲۰ تا ۲۵ سال کے نوجوانوں کو استعمال کررہے ہیں ۔ رقم وصول کرکے دینے والوں کو رقم کی وصولی کے لحاظ سے معاوضہ دیا جارہا ہے ۔ نوجوانوں کو اپنی طرف راغب کرنے کے لئے سود خوروں کی جانب سے انہیں موٹرسائیکلیں دی جارہی ہیں ۔ مسلم علاقوں میں یہ بات زیرِ گشت ہے کہ سود خوروں کا ساتھ اپنے ہی نوجوان دے رہے ہیں ۔ غریب افراد کو سود کے جال میں پھنسا کر اُن سے بڑے پیمانے پر رقم اینٹھنے کا کام بھی اپنے ہی نوجوانوں کی جانب سے کیا جارہا ہے ۔ مسلم نوجوان چند روپیوں کی لالچ میں اپنی آخرت کو تباہ کررہے ہیں ۔ چند مسلم نوجوان جو سود خوروں کے لئے وصولی کا کام انجام دے رہے ہیں ایسا لگتا ہے کہ وہ دینی تعلیمات سے محروم ہیں اور اپنی آخرت کی فکر نہیں رکھتے ۔

دنیا میں بھی انہیں لوگ اچھی نگاہ سے نہیں دیکھ رہے ہیں اور وہ خود اپنی آخرت بھی تباہ کررہے ہیں ۔ مسلم معاشرہ میں نوجوانوں میں بڑھتے بگاڑ پر والدین بھی کافی فکر مند نظر آرہے ہیں ۔ مسلم علاقوں میں رات دیر گئے تک نوجوان موبائل فون پر انٹرنیٹ کا بے جا استعمال کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔ نوجوان قوم کا مستقبل ہوتے ہیں ۔ وہ اگر برائیوں میں ملوث ہوجاتے ہیں تو اس کا برا اثر پوری قوم پر پڑتا ہے ۔ علماء کرام اور ائمہ مساجد کو ضروری ہے کہ وہ نمازِ جمعہ سے قبل اپنے خطبات میں مسلم نوجوانوں کو برائیوں سے روکنے کے لئے تلقین دیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.