صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے قبل پولس افسران کے تبادلوں کا عمل شروع

تبادلہ کے دائرے میں آنے والے ڈی سی پی اور پولس انسپکٹرکی فہرست تیار کرنے کی ہدایت

1,016

اورنگ آباد : (جمیل شیخ) لوک سبھا انتخابات ۲۰۱۹ کی تیاری شروع کردی گئی ہے ۔ ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے قبل تبادلوں کا عمل کرنے کی ہدایت چیف الیکشن کمیشن نے جاری کردی ہے ۔ جس پر عمل کرتے ہوئے ڈپٹی پولس کمشنر سے لے کر پولس انسپکٹر تک افسران کے تبادلوں سے متعلق  فہرست تیار کرنے اور ۱۰؍ فروری تک ڈائریکٹوریٹ آف جنرل پولس کو پیش کرنے کی ہدایت پولس انتظامیہ کو دے دی گئی ہے ۔ واضح ہو کہ ۲۰۱۹ میں لوک سبھا انتخابات کی تیاریاں چیف الیکشن کمیشن سے لے کر ضلع انتظامیہ تک کی جاچکی ہے ۔ ایسے سرکاری افسران جو طویل مدت یا تین سال سے زائد عرصہ سے ضلع میں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ان کا بالخصوص پولس افسران کے تبادلوں کا عمل شروع کیا جاچکا ہے ۔ چیف الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق اور ڈائریکٹو ریٹ آف انسپکٹر جنرل آف پولس کے حکم سے ایسے ڈپٹی پولس کمشنر اور پولس انسپکٹر جو ضابطہ کے مطابق تبادلوں کے دائروں میں آتے ہوں چیف الیکشن کمیشن کی رہنماء ہدایات کے مطابق ان کی فہرست تیار کی جارہی ہے ۔ پولس کے تمام محکمہ جات مثلاً پولس کمشنریٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولس کے علاوہ اینٹی کرپشن محکمہ جات کوحکم دیا گیا ہے کہ وہ تبادلوں کے دائرے میں آنے والے افسروں کی فہرست ۱۰؍فروری تک ڈائریکٹر جنرل آف پولس کو پیش کردیں ۔

چیف الیکشن کمیشن نے یہ ہدایات بھی جاری کی ہیں کہ لوک سبھا انتخابات ۲۰۱۴ کے دوران جن پولس افسران نے ضلع میں خدمات انجام دی تھی اس بار ان کے تبادلے ضلع سے باہر کردئے جائیں اور لوک سبھا انتخابات ۲۰۱۹کا عمل مکمل ہونے تک یعنی ۳۰ نومبر تک انہیں تبادلے کی جگہ کے علاوہ کسی اور جگہ مقرر نہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہیں ۔ ساتھ ہی یہ بھی کہاگیا ہے کہ اگر افسران کے تبادلے کرنے میں کسی طرح کی دقت پیش آتی ہو تو ڈائریکٹرانسپکٹر جنرل آف پولس کے اسٹیبلشمنٹ ڈپارٹمنٹ سے ربط کریں ۔ یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ ۲۱ مئی ۲۰۱۹ تک خدمات سے سبکدوش ہونے والے پولس افسران کی فہرست علیحدہ تیار کی جائے اور ڈائریکٹر جنرل پولس کو فوری طور پر وہ روانہ کردی جائے ۔ اطلاع کے مطابق تبادلوں کے دائرے میں آنے والے افسران کی پولس کمشنریٹ یا سپرنٹنڈنٹ آف پولس سے فہرست موصول ہوتے ہی اسٹیٹ الیکشن کمیشن سے مشورہ کے بعد ان کے تبادلے کردیئے جائیں گے ۔ مزید یہ اطلاع بھی ہے کہ تبادلوں کے دائرے میں آنے والے افسران کا سائبر سیل اسپیشل برانچ اور دیگر شعبہ جات میں تقرر کیا جائے گا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.