صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

این سی پی کے زیر اہتمام ۲۲؍ جنوری منگل کو عوامی جلسہ اور کارکنان کا تربیتی کیمپ

1,453

بھیونڈی : (عارِف اگاسکر) بھیونڈی جو پاورلوم کے حوالے سے ملک کا مانچیسٹر کہلاتا ہے ، حکومت کی عوام مخالف پالیسی کے سبب دن بدن مسائل کا شکار ہے ۔ ٹوٹی سڑکیں ، بجلی کا بڑھتا ہوا بل ، آلودہ پانی ، گندگی اور گرتا ہوا تعلیمی معیار ان تمام مدعوں پر شہر کا باشعور اور تعلیم یافتہ طبقہ ہمیشہ فکر مند نظر آتا ہے۔ ا ن کی اسی فکر کو ایک پلیٹ فارم دینے اور شہر کے جملہ مسائل کے تدارک کے سلسلے میں بھیونڈی راشٹروادی کانگریس پارٹی کی جانب سے ایک عوامی جلسہ کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ اسی سلسلے میںشہر کے قلب میں واقع گوپال نگر کے پاٹی دار ہال میں ۲۲؍ جنوری منگل عوامی جلسہ کا انعقاد کیا گیا ہے جس کے کے داعی بھیونڈی شہر راشٹروادی کانگریس کے صدر خالد گڈو اور کارگزار صدر انل پھرتڑے ہیں ۔

اس عوامی جلسہ کی ابتدا راشٹروادی کانگریس پارٹی کے عہدیدران اور کارکنان کے تربیتی کیمپ سے ہوگی ۔ جس میں بھیونڈی شہر کے راشٹروادی پارٹی سے جڑے تمام رضاکار اپنے تمام مسائل سےپارٹی کے اعلیٰ عہدیدران کو آگاہ کریں گے اور شہر کو کس طرح ترقی ، کامیابی اور کامرانی کی راہوں پر گامزن کرنا ہے اس کی تربیت اپنے سینئر عہدیداران سے حاصل کریں گے ۔ اس تربیتی کیمپ کا وقت منگل کے روز ۱۲ ؍سے ۲ ؍بجے تک ہوگا جس میں خالص پارٹی کی مضبوطی اور شہر کی ترقی میں کارکنان کے مثبت کردار پر تجربہ کار اور کہنہ مشق لیڈران تربیت کریں گے ۔ اس کے بعد اسی روز دوپہر ۳؍سے ۵ ؍بجے تک پاٹی دارل ہال میں ہی عوامی جلسہ کا انعقاد کیا جائے گا ۔ جس میں ڈاکٹر ، انجنیرس ، اساتذہ ، آرکیٹکٹ اور سماج کے دیگر تعلیم یافتہ اور باشعور افراد کو مدعو کیا گیا ہے جس میں شہر کی ترقی کے تعلق سے ان کے مسائل کو جاننے کی کوشش کی جائیگی ۔

اس عوامی جلسہ میں راشٹروادی کانگریس کی ممبر آف پارلیمینٹ وندنا تائی چوہان ، سابق ایم پی آنند پرانجپے ، ایم ایل سی ودھا تائی چوہان ، سانگلی کے سابق میئر سریش پاٹل ، الہاس نگر کے حزب مخالف لیڈر بھرت گنگوتری موجود رہنے والے ہیں ۔ بھیونڈی راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر خالد گڈو نے اس جلسہ کے بارے میں صحافیوں کو بتایا کہ بھیونڈی شہر ایک کاروباری شہر اور تجارتی مرکز ہونے کے باوجود حکومت کی تساہلی اور چشم پوشی کے سبب کھنڈر بنتا جا رہا ہے ، نہ تو یہاں راستوں کا حال ٹھیک ہے نہ ہی بنیادی ضرورتوں کا کوئی معیار ہے ۔ ا س لیے راشٹروادی کانگریس نے اپنے اعلی عہدیداران کا ایک عوامی جلسہ اور کارکنان کا تربیتی کیمپ مورخہ ۲۲ ؍جنوری کو منعقد کیا ہے تاکہ عوام اور کارکنان کے جملہ مسائل پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے سامنے آئے اور وہ حکومت کے ایوانوں میں بھیونڈی کی عوام کے حق کی آواز بلند کرکے تمام مسائل کو حل کرسکیں ۔ انہوں نے بھیونڈی کے تمام تعلیم یافتہ طبقہ سے گذاراش کی ہےکہ کثیر تعداد میں اس جلسہ میں شرکت کرکے اپنے مسائل کو حل کرائیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.