صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ناندیڑمیونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس 

ایک سال کی میعاد پوری کرنے کے بعد عبدالستار ‘ شیر علی سمیت۸ ممبران سبکدوش

1,121

ناندیڑ:(منتجب الدین) ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر تین بجے اسٹینڈنگ کمیٹی میٹنگ ہال میں چیئر مین شمیم عبداللہ کی صدارت میں منعقد ہوا تھا۔ اس اجلاس میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان عبدالستار‘ آنند چوہان‘ اُمیش پائوڑے‘ پرکاش مُتھا‘ سید شیر علی‘ جیوتی گوڑبولے‘ پرشانت تڑکے‘ ستیش دیشمکھ‘ فاروق علی خان‘ مسعود احمد خان‘ موہنی یونکر‘ عبداللطیف‘ بھانو سنہہ راوت‘ ڈمپل نواب‘ ویشالی دیشمکھ سمیت بلدیہ کے مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔ اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں ممبران نے شہری مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ کے ایجنڈے پر موجود ۹ قراردادوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ ۸ قراردادوں کو منظوری دی گئی۔ اسٹینڈنگ کمیٹی کے قوانین کے مطابق ۸ ممبران کو سبکدوش کرنا لازمی تھا۔ پچھلے سال عام چنائو کے بعد ۳؍دسمبر کو اسٹینڈنگ کمیٹی کے ۱۶ ممبران کا انتخاب عمل میں آیا تھا۔ پہلے سال کی تکمیل پر قرعہ اندازی کے ذریعہ ۸ ممبران کو سبکدوش کیا جاتا ہے اور پھر ہر دو سال کی معیاد کے بعد ممبران سبکدوش ہوتے ہیں۔ آج ۱۶ ممبران کے ناموںکی چٹھیاں ایک ڈبّے میں ڈالی گئی۔ اسکولی طالب ِ علم کے ہاتھوں قرعہ اندازی کی گئی۔ عبدالستار‘ سید شیر علی‘ آنند چوہان‘ اُمیش پائوڑے‘ پرکاش متھا‘ جیوتی گوڑبولے‘ پرشانت تڑکے‘ ستیش دیشمکھ کے ناموں کی چٹھیاں نکل گئی اور اُنھیں سبکدوش کردیا گیا۔ اب اسٹینڈنگ کمیٹی میں جو ۸ ممبران باقی رہ چُکے اُن میں موجودہ چیئر مین شمیم عبداللہ ‘ فاروق علی خان‘ مسعود احمد خان‘ موہنی یونکر‘ عبداللطیف‘ بھانو سنہہ راوت‘ ڈمپل نواب‘ ویشالی دیشمکھ شامل ہیں۔ تمام ۸ ممبران کانگریس کے ہی سبکدوش ہوئے ہیں اس لئے آئندہ عام اجلاس میں نئے ۸ ممبران کانگریس پارٹی کے اسٹینڈنگ کمیٹی کے لئے منتخب کیئے جائیں گے۔ یہ بات آج زیرِ گشت تھی کہ آئندہ لوک سبھا اور اسمبلی چنائو کو مد نظر رکھتے ہوئے کانگریس پارٹی آئندہ معیاد کے لئے بھی مسلم چیئر مین بنانے کی تیاری میں ہے۔ موجودہ ممبران میں سے مسعود احمد خان اور فاروق علی خان کا نام چیئر مین عہدہ کے لئے زیرِ گشت ہے۔ اس بار سبکدوش ہونے والے ۸ ممبران میں ۲ مسلم کارپوریٹر سید شیر علی اور عبدالستار شامل ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ اُن کی جگہ ۲ مسلم کارپوریٹرس کو دوبارہ اسٹینڈنگ کمیٹی میںروانہ کیا جائے گا۔ لیبر کالونی کے کارپوریٹر علیم خان ‘ کھڑکپورہ کے سید شعیب حُسین‘ اتوارہ رضا نگر کے فاروق بدویل‘ دیگلور ناکہ کے عبدالرشید‘ گنج کے صابر چائوش‘ سابق چیئر مین خورشید جاگیر دار کی اہلیہ کے نام زیرِ گشت ہیں۔ آئندہ ۱۵؍دسمبر تک نئے چیئر مین کا انتخاب عمل میں آئے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.