صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

تعصب کے سبب مسلم کانٹریکٹرس کے بلوں کی ادائیگی میں تاخیر

بلوں کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاجاً بھوک ہڑتال جاری ، کوئی پرسان حال نہیں ، میونسپل کارپوریشن میں مسلمانوں سے تعصب برتنے کا الزام

1,033

اورنگ آباد : (جمیل شیخ) دوسال قبل کئے گئے کاموں کے بل فوری ادا کئے جائیں اس مطالبہ پر مسلم کانٹریکٹرس کی ہڑتال جاری ہے جو آج بھی جاری رہی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو سالوں سے میونسپل کانٹریکٹرس کو دیئے گئے کاموں کے بل ادا نہیں کئے ۔ ہر بار متعلقہ افسران فنڈز نہ ہونے کا رونا روتے دکھائی دیئے مگربیک ڈور سے عہدیداران کے نور نظر کانٹریکٹرس کو کروڑوں روپیوں کے بل ادا کئے جاتے رہے اور چھوٹا موٹا کام کرکے زندگی کی گاڑی ڈھکیلنے والے ٹھیکیداروں کو کام کرنے کے باوجود بلوں کی ادائیگی نہیں کی گئی ۔

ان کانٹریکٹرس نے اپنے حق کی رقم مانگنے کے لئے کئی مرتبہ میونسپل کارپوریشن دفتر کے سامنے احتجاج کیا جس کا میونسپل کمشنر نے ہر بار نوٹس لیا اور کانٹریکٹرس کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی مگر ہر بار یہاں کے بدعنوان افسران نے بلوں کی ادائیگی کے معاملے پر دھاندلیاں کیں ۔ اور حقدار بلوں کے لئے ترستے رہے گزشتہ دنوں امبیڈکر جینتی کے موقع پر امبیڈکر وادی کانٹریکٹرس کو بل ادا کئے گئے اور مسلم کانٹریکٹرس سے یہ وعدہ کیا گیا کہ انھیں رمضان کے مہینے میں بل ادا کئے جائیں گے مگر دوتہائی رمضان گزرجانے کے بعد بھی میونسپل افسران نے انہیں بل ادا نہیں کئے ۔

۶ روز قبل ان کانٹریکٹرس نے ہڑتال شروع کی دو روز قبل میونسپل کمشنر ڈاکٹر نپون ونائک بذات خود وہاں پہونچے اور کانٹریکٹرس کو تحریری تیقن دیا کہ وہ انہیں بل ادا کردینگے ۔ مگر اب تک اس ضمن میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی اطلاع ہے کہ میونسپل کمشنر سبھی کانٹریکٹرس کو ۲ لاکھ روپئے ادا کرنا چاہتے ہیں مگر ان کے اس فیصلے سے کانٹریکٹرس خوش نہیں ہیں کیونکہ کسی کا ۵ لاکھ کسی کا دس لاکھ تو کسی کا ۵۰ لاکھ سمیت کروڑوں روپیوں کا بل باقی ہے اور وہ انصاف کے مطالبہ پر روزے کی حالت میں میونسپل دفتر کے سامنے احتجاج  کررہے ہیں مگر ان کا پرسان حال کوئی نہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.