بھیونڈی میں چادر گینگ کی دہشت سے شہریوں میں سراسیمگی
یش کلیکشن کی دکان سے۲۰؍ لاکھ روپے مالیت کے مو بائل فون چوری ، واردات سی سی ٹی وی کیمرے میں قید
بھیونڈی : (عارِف اگاسکر) بھارتی رِ یاست مہاراشٹر کےتھانے ضلع میں دہشت پھیلانے والی چادر گینگ نامی گروہ نے گذشتہ پیر کی نصف شب میں کون گاوں میں واقع ’یش کلیکشن‘ نامی دکان کا قفل توڑ کر مختلف کمپنیوں کے۲۰؍لاکھ روپے مالیت کے مو بائل فون چُرا لیےاور فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے۔چوری کی اس واردات کو سی سی ٹی وی کیمرےنے قید کر لیا ہے ۔ چوری کی اس واردات سے مذکورہ علاقہ کے تاجران میں زبردست خوف وہراس پھیل گیا ہے۔حیرت تو اس بات پر ہے کہ چوری کی اس واردات سے کون گاوں پولیس چوکی صرف ۵۰؍ میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔بتایا جا تا ہے کہ مذکورہ گینگ نےایک ہفتہ قبل کلیان اور الہاس نگر کے علاقہ میں دو مو بائل کی دکانوں میں چوری کر ۶۹؍ لاکھ روپے مالیت کی اشیاء چرالی تھیں ۔
موصولہ اطلاع کے مطابق بھیونڈی کلیان روڈ پر اجیت پٹرول پمپ کےقریب ’یش کلیکشن‘ نامی الیکٹرانک کی دکان واقع ہے ۔ گذشتہ پیر کی نصف شب میںپانچ سے چھ افراد کے گروہ نے دکان کا قفل اور شٹر توڑدیا اور دکان میں داخل ہوئے۔دکان میں داخل ہو تے ہی گروہ کے افراد نے آئی فون، سیمسنگ، اپپو،اور ویوا،وغیرہ مختلف کمپنیوں کےتقریباً ۲۰؍ لاکھ روپے مالیت کے مو بائل فون چُرالیے اور فرار ہو گئے ۔ دوسرے دن صبح دس بجے جب دکان کا مالک امول پردیشی اپنا دکان کھولنے کے لیے آئے تو انھیں دکان کے شٹر کا قفل ٹو ٹا ہوا نظر آیا ۔ جب وہ دکان میں داخل ہوئے تو انھیں دکان کا تمام سامان بکھرا ہوا ملا جس سےدکان میں چوری ہو نے کا انکشاف ہوا ۔ جس کے بعد انھوں نے فوراً کون گاوں پولیس اسٹیشن میں چوری کی واردات کی شکایت درج کی۔چوری کی اس واردات کی مزید تفتیش سنیئر پولیس انسپکٹر رمیش کاٹکر کی رہنمائی میںکی جا رہی ہے۔