صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

فرضی کاغذات کے ذریعہ کاشتکار کی زمین فروخت کرنے والے تین جعل سازوں کے خلاف معاملہ درج

1,220

بھیونڈی : (عارِف اگاسکر)بھیونڈی تعلقہ کے پِیسے گاوں میں رہائش پذیر دو بھائیوں کی ملکیت کی زمین کواپنی بتاکر اسے فروخت کر نےکا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ مذکورہ واقعہ کا انکشاف ہونے کے بعد گنیش راجن اوتاری (عمر۳۷سال ، ساکن گنیش نواس کمبھار آلی) سمیت اس کے دو ساتھیوں کے خلاف شانتی نگر پولیس اسٹیشن میں فریب دہی کا معاملہ درج کیا گیا ہے ۔ فریب دہی کے اس معاملہ میں مبینہ طور پر ایک چارٹرڈ اکائونٹنٹ کے بھی ملوث ہو نےکا شبہہ کیا جارہا ہے ۔

موصولہ اطلاع کے مطابق متذکرہ تینوں دھوکہ بازوں نےآپس میں ساز باز کر تے ہوئے کلیان میں رہائش پذیرانیکیت سُندر شیلار اور ابھیشیک شیلار نامی دو کاشتکار بھائیوں کے ملکیت کی سروے نمبر ۷۹/۶ کی زمین جس کا کُل رقبہ ۰۔۹۔۱،ایچ۔آر مربع میٹر (۵؍ ایکڑ ۴؍ گُنٹھے) ہے کو اپنی ملکیت بتاتے ہوئے زمین کے حقیقی مالک انیکیت اور ابھیشیک کے نام کا فرضی آدھار کارڈ بنواکرمتذکرہ زمین کو گورے گاوں ، ممبئی میں رہائش پذیر صنعت کار پریش مکیش جین اور راجیش موہن لال سنگھوی کے ہاتھوں بھیونڈی کے دوم رجسٹرار کے دفتر میں خریداری کے دستاویز بناکر فروخت کر دیا ۔ مذکورہ فریب دہی کےمعاملہ کا انکشاف ہو نے پرگنیش اوتاری اور اس کے دو ساتھیوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات ۴۲۰، ۴۶۵،۴۶۷،۴۶۸ ،۴۷۱ ،۳۴ کے تحت شانتی نگر پولیس اسٹیشن میں  فوجداری معاملہ درج کیا گیا ہے ۔ اس معاملہ کی مزید تفتیش پولیس انسپکٹرمنجیت سنگھ بگّا کر رہے ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.