صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

اورنگ آباد شہر میں ایل ای ڈی لگانے میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا الزام

1,071

اورنگ آباد : (جمیل شیخ) میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے اورنگ آبا دشہر کے راستوں پر ایل ای ڈی لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اور اس کے لئے خانگی کمپنی کو مقرر بھی کردیاگیا ہے ۔ لیکن موصولہ شکایتوں کی بناء پر اسٹینڈنگ کمیٹی چیرمین راجو ویدیہ نے کہا کہ شہر میں لگائے جانے والے ایل ای ڈی بلب کی کوالیٹی کی جانچ کمپنی کے ذمہ داران میونسپل افسران کی موجودگی میں گورنمنٹ انجینئرنگ کالج کے ماہرین سے کروائی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن میں اورنگ آباد شہر میں ۴۰ ہزار ایل ای ڈی لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کا کانٹریکٹ ایک خانگی کمپنی کو دیاگیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق کمپنی کو جو ٹینڈر دیا گیا ہے بازار کی قیمت سے دوگنے دام پرکمپنی سے ایل ای ڈی خریدے جارہے ہیں ۔ میونسپل کارپوریشن کے اندر اور باہرنہ صرف کمپنی کو بلکہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ اور برسرکار حکومت کو شکوک کی نظر سے دیکھا جارہا ہے اور ان کی کارکردگی پر سوال اٹھائے جارہے ہیں ۔ یہ الزام بھی عائد کیا جارہا ہے کہ اس معاملہ میں کمپنی کے ساتھ ساز باز کرکے بڑے پیمانے پرلین دین کیا گیا ہے ۔ عجیب بات ہے کہ دوگنے دام پر ایل ای ڈی خریدنے کا کانٹریکٹ رد کروانے کی بجائے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے اس کمپنی کو ۴۰ ہزار کی جگہ اب اورنگ آباد شہر میں ایل ای ڈی لگانے کا کانٹریکٹ دے دیا ہے ۔

یہ خبر عام ہوتے ہی میونسپل کارپوریٹرس بے چین ہو اٹھے اور جو تھوڑے بہت ایماندار ہیں انہوں نے اس معاملے پر جم کر آواز اٹھائی ہے ۔ صاف الفاظ میں وہ یہ کہہ چکے ہیں کہ ایل ای ڈی معاملہ میں بڑی بدعنوانی ہوئی ہے دوروز قبل اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ میں اسی کمیٹی کے سابق چیرمین گجانن باروال یہ واضح کرچکے ہیں کہ ان کے اپنے وارڈ کے علاوہ اطراف کے علاقوں اور شہر کے بیشتر وارڈوں میں کمپنی نے ایل ای ڈی لگانے کا کام شروع نہیں کیا جبکہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ اورنگ آباد شہر میں ۶۰ ہزار سے زائد ایل ای ڈی لگ چکے ہیں ۔

یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد نمائندے نے اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین راجو ویدیہ سے ملاقات کی اور اس معاملے پر ان سے کئی چبھتے ہوئے سوالات کئے ۔ اس کے جواب تو انہوں نے نہیں دیا البتہ اتنا ضرور کہا کہ ایل ای ڈی بلب لگانے کے معاملہ میں شکایتیں موصول ہورہی ہیں جس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ لہذا اب تک شہر میں لگائے گئے ایل ای ڈی بلب کی تعداد اس کی کوالیٹی کی جانچ کنٹریکٹر کے ذمہ داران پی ایم سی میونسپل افسران کی موجودگی میں گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ کے ماہرین سے کروائی جائے گی ۔ جو بھی خاطی پایا جائے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.