صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بلند شہر میں انسپکٹر کے قتل کیلئے یوگی حکومت ذمہ دار : رہائی منچ

سپریم کورٹ کی نگرانی میں ایس آئی ٹی مقرر کی جائے ،گئو رکشکوں کا کھلا چیلنج جو ان کی انارکی کو روکے گا مارا جائے گا خواہ وہ پولس ہی ہو

1,656

لکھنو: رہائی منچ نے گئو غنڈوں کے ذریعہ پولس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کا بے رحمانہ قتل کی تفتیش کیلئے ایس آئی ٹی کا مطالبہ کیا ۔منچ نے گئو رکشا کے نام پر ملک کو خانہ جنگی میں جھونکنے والی مسلح سینائوں پر فوری طور سے پابندی عائد کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔بلند شہربلند شہر ضلع کے کوتوالی علاقہ میں سیانا میں فساد کی سازش کرنے والوں کو پولس کے ذریعہ روکنے پر گئو رکشا دل ، بجرنگ دل ، آر ایس ایس ، ہندو یووا واہنی کے غنڈوں کے ذریعہ کئے گئے فساد کے بعد رہائی منچ نےمیٹنگ بلائی جس میں یہ طے پایا کہ ریاست میں غنڈہ راج کیخلاف آج چار بجے شام گاندھی مجسمہ ، حضرت گنج لکھنو پر انصاف پسند عوام کے ساتھ دھرنا دیں گے ۔

رہائی کے صدر محمد شعیب نے کہا ہے کہ ریاست ہی نہیں پورے ملک کو فرقہ وارانہ تشدد میں جھونک کر حکومتوں کی سرپرستی میں ہندو وادی تنظیمیں ملک میں خانہ جنگی جیسے حالات پیدا کررہے ہیں ۔ انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کے قتل کو ایک سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اخلاق معاملہ میں تفتیشی افسر رہ چکے ہیں ۔کل تک معصوموں کو دوڑا دوڑا کر مارنے والوں کے ذریعہ پولس کو دوڑا دوڑا کر مارنا ، ویڈیو بنانا بتاتا ہے کہ حملہ آوروں کو یوگی مودی حکومتوں کی کھلی سرپرستی حاصل ہے ۔ جس طرح گولی مار کر قتل کیا گیا اس نے واضح کردیا ہے کہ یہ مسلح تنظیمیں ہیں ۔ اس واقعہ نے واضح کیا کہ اگر ان کی انارکی کو روکنے کی کوشش کسی نے کی خواہ وہ پولس ہی کیوں نہ ہو اس کو بھی یہ تنظیمیں موت کے گھاٹ اتار دیں گی ۔ پولس چوکی چِنگراوٹی کو آگ کے حوالے کرنا اور پولس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کو بے رحمانہ طریقہ سے قتل کرکے اس کا ویڈیو بنا کر اسے وائرل کرکے گئوغنڈوں نے حکومتوں کو کھلا چیلنج دیا ہے جس آگے یوگی سر تسلیم خم ہیں ۔

بلند شہر سے آرہی خبروں اور ویڈیو کے مطابق گئو غنڈوں متعلقہ چوکی علاقہ میں گائے نسل کو لے کر متشدد ہو رہے تھے جن کے اشتعال کو کم کرنے کیلئے پولس کوشش کررہی تھی ۔ پولس کی کوشش تھی کہ مشتعل بھیڑ کو نارمل کرکے ٹریفک کی روکاوٹ کو ختم کیا جائے ۔پولس کی اس کوشش کو گئو غنڈوں کے ذریعہ ناکام کئے جانے کی کوشش سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ فساد پہلے سے منصوبہ بند تھا۔اس وقت جب پولس غنڈوں کو سمجھانے بجھانے میں مصروف تھی غنڈوں کے ذریعہ بجائے پرسکون ہونے کے پولس پر حملہ کرنا ، گاڑیوں اور پولس چوکی کو جلا دینا ثابت کرتا ہے کہ یہ ساری کارروائی غنڈوں کے ذریعہ پہلے سے منصوبہ بند سازش کا نتیجہ ہے ۔ مالیگائوں دھماکہ سے پہلے ہی خبردینے والے سدرشن چینل کے سربراہ سریش چوہان کے نے حادثہ سے پہلے ہی کل دیر رات اپنے نجی ٹوئٹر ہینڈل پر ٹوئٹ کیا ہے جس میں واضح طور پر لکھا ہے ’کل بلند شہر اجتماع پر بہت بڑے انکشافات سدرشن چینل پر دیکھیں‘ سے واضح ہوتا ہے کہ یہ فساد منصوبہ بند سازش کا نتیجہ ہے جس کے نشانہ پر مسلمانوں کا اجتماع تھا۔جس میں یوپی پولس کے ایک انسپکٹر کو گئو غنڈوں نے قتل کردیا ۔ ۲۵؍ نومبر کی ایودھیا کی دھرم سبھا کی ناکامی کے بعد ایک بار پھر سے مظفر نگر دہرانے کی کوشش بلند شہر میں کی گئی ہے ۔ میٹنگ میں غفران صدیقی ، رابن ورما ،شاہ رخ احمد ، روش عالم ، وسیم ملک اور راجیو یادو شامل تھے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.