اقلیتی نوجوانوں کیلئے پولس بھرتی سے قبل ٹریننگ پروگرام
ناندیڑ:(منتجب الدین) حکومتِ مہاراشٹر کے محکمہ اقلیتی ترقیات کی جانب سے پولس بھرتی سے قبل ٹریننگ دینے کا کام اسکیم کے تحت دیا جاتا ہے۔ اسکیم کے تحت اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے مسلم ، سکھ ، عیسائی ، بودھ ، پارسی ، جین اور یہودی طبقہ کے خواہشمند اُمیدواروں کو مفت پولس بھرتی سے متعلق ٹریننگ دی جاتی ہے ۔ اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے اُمیدوار جو پولس بھرتی سے قبل ٹریننگ حاصل کرنا چاہتے ہیں اُن سے درخواستیں طلب کی جارہی ہے ۔ ناندیڑ ضلع میں ۱۹؍نومبر پیر کو صبح گیارہ بجے پولس ہیڈ کوارٹر گرائونڈ پر اقلیتی طبقہ کے خواہشمند اُمیدوار اپنے ضروری کاغذات ، اصل و زیراکس کاپی ، ۲ پاسپورٹ سائز فوٹو کے ہمراہ حاضر رہیں ۔ اس طرح کی اپیل ناندیڑ ضلع کلکٹر کی جانب سے کی گئی ہے ۔ ڈھائی لاکھ روپیئے سے کم سالانہ آمدنی رکھنے والے خاندان سے تعلق رکھنے والے اقلیتی طبقہ کے اُمیدوار جن کی عمر ۱۸ تا ۲۸ سال کے درمیان ہو وہ پولس بھرتی سے قبل کی ٹریننگ کے لئے درخواست داخل کرسکتے ہیں ۔ مرد اُمیدواروں کے لئے قد 165سینٹی میٹر اور خواتین زمرہ کے لئے قد 155سینٹی میٹر ، تعلیمی قابلیت بارہویں پاس ہونا ضروری ہے ۔ چھاتی کا سائز بنا پھلائے 79سینٹی میٹر اور پھلا کر 84سینٹی میٹر ہونا ضروری ہے ۔ منتخب اُمیدواروں کو ۲ ماہ کے دوران پولس بھرتی کی ٹریننگ دی جائے گی ۔ اس دوران اُنھیں دیڑھ ہزار روپیئے ماہانہ اسٹیفنڈ بھی دیا جائے گا ۔ ٹریننگ دینے والی سوسائٹی کی جانب سے جوتا ، موزہ ، بنیان اور ڈریس کے لئے ایک ہزار روپیئے منظور کیئے جائیں گے ۔ ساتھ ہی روزآنہ ناشتہ اور چائے فراہم کی جائے گی ۔ اُمیدواروں کو ٹریننگ کے دوران رہائش کا نظم اپنے اخراجات پر کرنا ہوگا ۔ خواہشمند اُمیدوار ۱۹؍نومبر کو آتے وقت ضروری کاغذات کے ساتھ آدھار کارڈ اور اُس کی زیراکس بھی ساتھ رکھیں ۔