صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

مہاراشٹر کے عازمین کی ۳۶۹۶؍ تک ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوگئی

32,986

حج ۲۰۲۵ء میں تمام ویٹنگ لسٹ کنفرم ہونے کی امید۔ ویٹنگ لسٹ کنفرم ہونے والے عازمین کو پہلی اور دوسری قسط کے ۲؍ لاکھ۷۳؍ ہزار۳۰۰؍ روپے اور تمام منتخب عازمین کو دوسری قسط کے ایک لاکھ ۴۲؍ہزار روپے۱۶؍ دسمبر تک جمع کرانے کی ہدایت۔ محرم کے لئے مختص کوٹے کی ۵۰۰؍ سیٹوں کیلئے آن لائن درخواست دینے کا آغاز۔

مہاراشٹر کے عازمین کی ۳۶۹۶؍ تک ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوگئی ہے۔ اس سے اپنی باری کے منتظر عازمین کو بڑی راحت ملی ہے۔ اس دفعہ یہ امید کی جارہی ہے کہ ویٹنگ لسٹ میں شامل مہاراشٹر کے تمام عازمین کے نام کنفرم ہوجائیں گے۔ جن عازمین کا نام ویٹنگ لسٹ میں کنفرم ہو گیا ہے ان کو پہلی اور دوسری قسط ایک ساتھ ۲؍ لاکھ۷۳؍ ہزار۳۰۰؍ روپے اور دیگر منتخب عازمین کو دوسری قسط کے ایک لاکھ ۴۲؍ہزار روپے ۱۶؍ دسمبر تک جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ویٹنگ لسٹ کنفرم کئے جانے کے سلسلے میں۱۱؍ریاستوں میں مہاراشٹرکے عاز مین کوخاص طورپر راحت ملی ہے اور حج بیت اللہ کے لئے ان کی روانگی یقینی ہوگئی ہے۔مرکزی حج کمیٹی کے نئے سی ای اونظیم احمدکی دستخط سے ویٹنگ لسٹ کنفرم کئے جانے اورمحرم کوٹہ کے تعلق سے جاری کردہ سرکیولر کے بعد ریاستی حج کمیٹی کے افسر جہانگیرخان نےنمائندۂ انقلاب کو بتایاکہ ’’ریاستی سطح پرعازمین کومطلع کیا جارہا ہے، ان کو پیغامات بھیجے جارہے ہیں اور ضلعی سطح پر تنظیمیں اس کام میں حج کمیٹی کی معاونت کررہی ہیں تاکہ عازمین تیاری کے ساتھ رقم اور کاغذات وغیرہ مذکورہ تاریخ کے اندر جمع کراسکیں۔‘‘

انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’کوشش کی جارہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ عازمین ریاست ِ مہاراشٹر سے حج کیلئے روانہ ہوں۔ اب تک کی صورتحا ل کافی امید افزاء ہے ۔ اسی لئےعازمین سے کہا جا رہا ہے کہ ویٹنگ لسٹ میں شامل تمام عازمین پیشگی تیاری رکھیں تاکہ اگرموقع ملتا ہے تو ان کو کاغذات یا رقم وغیرہ جمع کرانے میں کوئی پریشانی نہ ہو ۔ ویسے بھی جو سیٹیں بعد میں کنفرم ہوں گی ان عازمین کوکم وقت میں تمام امور کی انجام دہی کرنی ہوگی۔‘‘

اس دفعہ ریاستی سطح پر۲۳؍ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں جبکہ ۱۷؍ہزار سے زائد کوٹہ دیا گیا تھا۔ ۳۶۹۶؍ تک ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوجانےسےاب ڈھائی ہزار عازمین ویٹنگ لسٹ میں بچے ہیں۔ امید کی جارہی ہےکہ حج پرروانگی سے قبل یہ ویٹنگ لسٹ بھی کنفرم ہو جائے گی اورجتنے درخواست دہندگان ہیں سبھی کوحج بیت اللہ کی سعادت حاصل ہوگی۔

محرم کے لئے ۵۰۰؍سیٹیں مختص

اس کے ساتھ ہی محرم کے لئے ملکی سطح پر مختص ۵۰۰؍ کوٹے میںآن لائن درخواست دینے کا آغازبھی کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے ۹؍دسمبر تک درخواست دی جاسکتی ہے۔ اس زمرے میں درخواست دینے والی خواتین کی جانب سے اگر کوٹے سےزیادہ درخواستیں آئیں تو قرعہ اندازی کی جائے گی۔ اس میں جنرل کٹیگری اورریزرو کٹیگری ،دونوں میں شامل خواتین جوپاسپورٹ یا کسی اور وجہ سے اب تک درخواست نہیں دے سکی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.