صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بھیونڈی میں تین دن سے جاری رکشا ہڑتال ختم ، سنیچر سے سڑکوں پر رکشا کی آمد ورفت شروع

1,457

بھیونڈی :(عارِف اگاسکر) بھارتی رِیاست مہاراشٹر کےبھیونڈی شہر میں گزشتہ منگل ۲۸؍ نومبرکی نصف شب سے شروع آٹو رکشا کی بےمدت ہڑتال آج تیسرے دن بروز سنیچر کو ختم ہو گئی ہے ۔ گزشتہ تین دنوں سے جاری اس ہڑتال کے ختم ہو نے سےتعلیمی اداروں میں جانےوالے طلبہ و طالبات ، اساتذہ اور ملازمت پیشہ افراد نےراحت کی سانس لی ہے ۔ اس سلسلے میں رکشا یونین کے لیڈران نے آٹو رکشا ڈرائیوروں کے ساتھ اپنے مسائل کے تدارک کے لیےگزشتہ جمعہ۳۰؍ نومبر کو تھانے ضلع کلکٹر سے ملاقات کی تھی اور انہیں اپنا پانچ نکاتی مکتوب پیش کر تے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ مذکورہ مسائل کے تدارک کے بعد ہی گزشتہ تین دنوں سے جاری ہڑتال کو ختم کیا جائے گا ۔ تھانے ضلع کلکٹر نے ان کے مطالبات پر غور کر نے کے بعد آٹو رکشا لیڈران کو یقین دلایا کہ مذکورہ مسائل کے تعلق سے متعلقہ افسران کے ساتھ گفتگو کر نے کے بعدانہیں درپیش مسائل کو حل کر نے کی کو شش کی جائے گی ۔ ضلع کلکٹر کی اس یقین دہانی کے بعد آٹو رکشا یونین لیڈران نے شہر میں جاری ہڑتال کو ختم کر نے کا اعلان کیا ۔ جس کے بعد سنیچر کی صبح سے معمول کے مطابق شہر کے راستوں پر آٹو رکشا کی آمد ورفت جاری ہو نے سے شہریوں نے راحت کی سانس لی ہے ۔

اس ضمن میں آٹو رکشا یونین کے لیڈر عرفان نے صحافیوں کو بتا یا کہ تھانے ضلع کلکٹر سے ملاقات کے دوران انہوں نےہمارے مسائل کو  سُننے کے بعدکلیان ڈومبیولی میونسپل ٹرانسپورٹ اور تھانے آر ٹی او افسران ، بھیونڈی میو نسپل کارپوریشن کے کمشنر سمیت دیگر محکموں کے متعلقہ افسران سے رابطہ قائم کیا اور انہیں ہمارے مسائل سے آگاہ کیا ۔ ان سے گفتگو کر نے کے بعد ضلع کلکٹر نے بتا یا کہ ان کے دو مطالبات تسلیم کیے گئے ہیں جن میں آٹو رکشا کی پاسنگ کے لیے تُر بھے کی بجائے کلیان میں آٹو رکشا کی پاسنگ کی جائے گی ، نیز شہر کے راستے چوڑے نہ ہو نے سےٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہو تا ہے اس لیے سٹی بس کی خدمت کو عارضی طور پر بند کیا جاتا ہے ۔ جبکہ بھیونڈی میو نسپل کمشنر نے بھی یقین دلا یا ہے کہ خستہ حال سڑکوں کی مرمت کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے انہیں تین دن کا وقت دیا ہے اگر اس دوران انہوں نے کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی تو ہم دو بارہ سخت اقدام اٹھائیں گے ۔

واضح ہو کہ بھیونڈی شہر میں تقریباً ۲۰؍ ہزار سے زائد رآٹوکشا ہیں جو شیئر طریقہ سے چلائی جاتی ہیں ۔ جبکہ ۲۶؍ نومبر کو یوم آئین کے مو قع پر کلیان ڈومبیولی میو نسپل کارپوریشن کے ذریعہ بھیونڈی کے شیواجی چوک تک سٹی بس سروس کوشروع کیا گیا ہے ۔ سٹی بس کی اس خدمت کو یہاں کے شہریوں نے کافی پسند کیا ہے اور مسافروں کو دی جانے والی اس سہولت سے فیض یاب بھی ہو رہے ہیں ۔ لیکن مسافروں کو دی جانے والی اس خدمت کی مخالفت میں شہر کےرکشا ڈرائیوروں نے مذکورہ بس کی خدمت کو فوراً بند کیے جانے ، شہر کے خستہ حال سڑکوں کی مرمت کر نے اوررکشا کی پاسنگ کے لیے تُر بھے جانےکی بجائے اسے بھیونڈی میں شروع کیے جانے جیسے مطالبات کو لے کر منگل کی نصف شب سے اچانک ہڑتال پر چلے گئے تھے ۔ آٹو رکشا ڈرائیوروں کے اچانک بند کے اس اعلان سے شہریوں میں زبردست اضطراب پھیل گیا تھا ۔ اس کا خمیازہ مسافروں ، ملازمت پیشہ افراد ، اور اسکول جانے والے طلبہ و طالبات نیز اساتذہ کو تین دنوں تک بھگتنا پڑا تھا ۔ لیکن سنیچر کو ہڑتال کے ختم ہو نے سےسے شہر یوں نے راحت کی سانس لی ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.