بیٹے نے ضعیف ماں گلا کاٹ کر قتل کردیا
ممبئی : (ریحان یونس) ایم ایچ بی کالونی پولس نے ایک 53 سالہ شخص کو اس کی 80 سالہ ماں کے قتل کے جرم میں گرفتار کر لیا ہے ۔ بوریولی میں رہائش پذیر 53 سالہ شخص نے اپنی ماں کا گلا کاٹ دیا اور اس کی لاش کے پاس گھنٹوں بیٹھا رہا اس کے بعد خود سپردگی کے لئے پولس اسٹیشن گیا ۔ ذرائع کے مطابق ملزم کی شناخت یوگیش رماکانت شینوائے 53 کے طور پر ہوئی ہے ۔ معاملہ جمعرات کورات 2 بجے کا ہے جب یوگیش اور اس کی ماں کے درمیان جھگڑا ہوا اور اس کی ماں اس پر برس پڑی ۔ ایک پولس افسر نے کہا کہ سونے کے وقت یوگیش نے اپنی ماں کو مارنے کی کوشش کرتے ہوئے بہت ساری نیند کی گولیاں کھلا دیں ۔ لیکن چند گھنٹوں بعد وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ اس کی ماں ابھی تک جاگ رہی ہے تب اس نے تکیہ اس کے منہ پر رکھ کر اسے مارنے کی کوشش کی لیکن یہ کوشش بھی ناکام رہی ۔ یوگیش کی ماں بلڈ پریشر کی مریضہ تھی ۔ دونوں بوریولی کی ایک چال میں رہتے تھے یوگیش اپنی بیوی سے علیحدہ رہتا تھا اس کے والد اور بھائی کا کچھ سال قبل انتقال ہوگیا تھا ۔ یوگیش کی ماں دو مرتبہ کے جان لیوا حملہ کی کوشش سے بچ گئی تب یوگیش نے کاغذ کاٹنے والے کٹر سے اپنی ماں کا گلا کاٹ دیا مگر گلا کاٹنے کے بعد وہ لاش کے پاس بیٹھ گیا اور صبح 9 بج کر 30 منٹ تک بیٹھا رہا ۔ پھر اس نے پولس کو فون کرکے خود سپردگی کے لئے کہا ۔ پولس نے یوگیش کو گرفتار کرکے اس پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ پولس نے آلہ قتل بھی ضبط کرلیا ہے ۔ یوگیش نے اعتراف جرم کرلیا ہے ۔