صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بھیونڈی میں ’کہانی ، ڈرامہ اور ڈرامہ کی تکینک‘ پر ورکشاپ 

1,196

بھیونڈی : (عارف اگاسکر) ’نیا آسمان نئے ستارے‘ عنوان کے تحت کے ایم ای سوسائٹیز عوامی ای لائبریری کے زیرِ اہتمام اتوار ۲۴؍فروری کو اردو بسیرا ہال میں ’کہانی ، ڈرامہ اور ڈرامہ کی تکنیک‘ عنوان پر ورکشاپ کاکامیاب انعقاد عمل میں آیا ۔ اس ورکشاپ کی صدارت کا فریضہ کے ایم ای سوسائٹی پڑگھا اسکول کی صدر معلمہ خالدہ کھونڈیکر نے انجام دیا ۔ ورکشاپ میں کے ایم ای سوسائٹی کے مختلف اداروں کے منتخب طلبہ نے حصّہ لیا ۔ مشہور ڈرامہ نگار اور ہدایت کار مجیب خان اور معروف فنکار اور مترجم رفیق گلاب مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے محفل کو رونق بخشی ۔ مہمانان کے طور پر چیئرمین محمد شفیع مقری اور عبدالعزیز انصاری موجود تھے ۔ مخلص مدعو نے مہمانان کا تعارف واستقبال پیش کیا اور ای لائبریری کے انچارج صادق انصاری نے مہمانان کی خدمت میں گل اور تحائف پیش کیا ۔

رفیع انصاری نے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے لکھنے کی اہمیت کے بیان میں کہا کہ پُر آشوب دور میں حالات کو خوشگوار بنانے میں اہلِ قلم سے بہتر کوئی نہیں ہوتا ۔ رفیق گلاب نے ’آؤ کہانی لکھیں‘ کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کہانی شخصیت سازی کا موثر ذریعہ ہو تی ہے ۔ تفریحِ طبع کے ساتھ ساتھ یہ اصلاحِ معاشرہ میں بھی معاون ہوتی ہے ۔ کہانی لکھنے سے پہلے معیاری کہانیوں کا مطالعہ ضروری ہے ۔ ڈرامہ نویسی اور ڈرامہ کی تکنیک کے موضوع پر اپنے زریں خیالات پیش کرتے ہوئے مجیب خان نے منشی پریم چند کی مشہور کہانی ’عید گاہ‘ ڈرامائی شکل کی پیش کش کے ذریعے طلبہ کی رہنمائی کی ۔ تقریب کی صدر خالدہ کھونڈیکر نے پروگرام کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی ۔ تقریب کا آغاز کلام پاک کی تلاوت سے ہوا ۔ مقیم انصاری نے اظہارِ تشکر اور صوفیہ مومن نے نظامت کا فریضہ انتہائی عمدگی سے انجام دیا ۔ ورکشاپ کے اخیر میں شریک طلبہ کے درمیان کہانی نویسی کا مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں مختلف اسکولوں کے ۹۷/ طلبہ و طالبات نے جوش وخروش کے ساتھ شرکت کی ۔ منتخب طلبہ کو آئندہ پروگرام میں انعامات سے نوازاجائے گا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.