یوتھ کانگریس کے ذریعہ نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے کی کوشش
بھیونڈی : (عارِف اگاسکر) ملک میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری پر قدغن لگانےاور بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے گذشتہ دنوں بھیونڈی یوتھ کانگریس کمیٹی کے ذر یعہ کانگریس پارٹی کے ایک فعال لیڈر طفیل فاروقی کے دفتر کے سامنے ’چلو پنچایت ابھیان‘ نامی ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ اس دوران متذکرہ پروگرام کے کنوینر اور یوتھ کانگریس کمیٹی کے صدر عرفات خان نے تقریباً ۵۰۰؍ بیروزگارافراد کےفارم پُر کرنے کے بعد بھیونڈی اور اس کے مضافات میں واقع کمپنیوں کے ذمہ داران سے رابطہ قائم کرکے تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے کی کوشش کی ۔
اس موقع پر بھیونڈی کانگریس اقلیتی شعبہ کے صدر طفیل فاروقی ، مہاراشٹر ریاستی کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے ترجمان اقبال صدیقی ، مہاراشٹر ریاستی اقلیتی شعبہ کے سیکریٹری پرویز خان عرف پی کے ، یوتھ کانگریس کمیٹی کے صدر عرفات خان راہل پاٹل ، بھیونڈی کانگریس کمیٹی شعبہ خواتین کی صدر ریحانہ انصاری ، جاوید شیخ اور پاپا خان سمیت متعدد کانگریسی لیڈران موجود تھے ۔
بیروزگار نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے کی مہم کے تعلق سے جب اس نمائندے نے پرویز خان عرف پی کے سے استفسار کیا تو انھوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کر نے کے وعدے کو پورا نہ کر نے پر مرکزی سرکار کی پُرزور مذمت کر تے ہو ئے کہا کہ بیروزگاری کو دور کر نے کے لیے وزیراعظم نے نوجوانوں سے جو وعدے کیے تھے وہ صرف جملہ بازی تھی اورمذکورہ وعدے صرف الیکشن جیتنے کے لیے کیے گئے تھے ۔
اب وزیر اعظم کے ذریعہ روزگار فراہم کرانے کے اعلان کی حقیقت سب کے سامنے عیاں ہو گئی ہے ۔ اس لیے نوجوانوں کو چاہیئے کہ وہ دوبارہ ایسے کھوکھلے وعدوں پر اعتبار نہ کریں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ صرف کانگریس ہی بیروزگاری کے خاتمہ کے لیے جدوجہد کرسکتی ہے اور نوجوانوں کو روزگار دلانے کے لیے اپنی تمام طاقت جھونک سکتی ہے ۔ کیوں کہ یہی نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں جنھیں روزگار سے جوڑنا ازحد ضروری ہے ۔ تاکہ ہمارے ملک کا مستقبل تابناک ہو اور یہ ملک دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر تا رہے ۔