صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

پروفیسر این آر مادھو مینن کے انتقال پر وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے صدمہ کا اظہار کیا

1,360

علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے سابق استاد اور ملک میں قانون کی جدید تعلیم کے بابائے آدم سمجھے جانے والے پدم شری پروفیسر این آر مادھو مینن کے انتقال پر وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے دکھ اور صدمہ کا اظہار کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پروفیسر مینن کا انتقال پوری اے ایم یو برادری اور قانون کے شعبہ کاایک عظیم نقصان ہے ۔

وائس چانسلر نے کہاکہ پروفیسر مینن اپنی ذات میں ایک ادارہ تھے، انھوں نے ملک میں قانون کی جدید تعلیم کی راہ ہموار کی، وہ ایک نامور پروفیسر تھے جنھوں نے ملک میں قانون کی تعلیم و تدریس کو نئی اونچائیاں عطا کیں ۔

قابل ذکر ہے کہ پروفیسراین آر مادھو مینن اے ایم یو کی لاء فیکلٹی سے پی ایچ ڈی کرنے والے پہلے شخص تھے ۔ انھوں نے اے ایم یو سے ایل ایل ایم بھی کیا۔ 1960ء میں وہ اے ایم یو کی فیکلٹی آف لاء سے بطور استاد وابستہ ہوئے ، پھر 1965میں دہلی یونیورسٹی چلے گئے ۔

پروفیسر مینن نے ہی ملک میں سب سے پہلے نیشنل لاء اسکول کا تصور پیش کیا ،چنانچہ بنگلور میں 1989میں نیشنل لاء اسکول آف انڈیا یونیورسٹی کا قیام ہوا اور قانون میں پانچ سالہ آنرز ڈگری کورس کی شروعات ہوئی۔ وہ نیشنل لاء اسکول آف انڈیا یونیورسٹی ، بنگلور کے بانی وائس چانسلر رہے ۔ اس کے علاوہ نیشنل یونیورسٹی آف جیوریڈیکل سائنسز ، کولکاتہ کے بھی وائس چانسلر رہے ۔

پروفیسر مینن نے قانون کی تعلیم، قانون کے پیشہ، قانونی امداد، جوڈیشیل ٹریننگ اور انصاف کے نفاذ کے موضوع پر ایک درجن سے زائد کتابیں تصنیف کیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.