صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

رام نومی ہنگامہ کیس میں پولیس کو الیکٹرانک ثبوت پیش کرنے کی اجازت

54,959

:مالونی میں رام نومی کےموقع پرہونےوالےہنگامےکےسلسلے میں درج کیس میں گرفتاری سےتحفظ کیلئےجمیل مرچنٹ کی جانب سے داخل کی گئی ضمانت قبل از گرفتاری کی عرضی کےسلسلے میں سرکاری وکیل نے عدالت میں’الیکٹرانک‘ثبوت پیش کرنے کی درخواست کی جسے قبول کرتے ہوئے جج نے سماعت ۲۰؍اپریل تک کیلئےملتوی کردی ہے۔ سنیچرکو جب دنڈوشی کورٹ میں جمیل مرچنٹ کی ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت شروع ہوئی توخصوصی سرکاری وکیل کوشک مہاترے نے جج کوبتایاکہ پولیس عدالت میں کچھ الیکٹرانک ثبوت پیش کرنا چاہتی ہےاس لئے انہیں کچھ مہلت دی جائے۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو یہ بھی بتایاکہ جو الیکٹرانک ثبوت وہ عدالت میں پیش کرنا چاہتے ہیں اس کے ساتھ’ایویڈینس ایکٹ‘کی دفعہ ۶۵ (بی) کے تحت سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس دفعہ کے تحت دی گئی اشیاء کو عدالت میں بطور ثبوت قبول کیا جاتا ہے۔ جج نےایڈوکیٹ کوشک کی درخواست کو قبول کرتے ہوئےاس معاملے پر سماعت کو ۲۰؍ اپریل تک کیلئےملتوی کردیا۔ واضح رہے کہ الیکٹرانک ثبوت میں تصویریں،ویڈیو، آواز کی ریکارڈنگ جیسی کوئی بھی اشیاء ہوسکتی ہیں۔ یادرہےکہ۳۰؍ مارچ کو رام نومی کے تہوار پر امبوج واڑی کے بجرنگ چوک پر واقع رام جانکی مندرسے جلوس نکالا گیا تھا۔

اگرچہ مالونی کے مقامی افراد نے پولیس کو پیشگی خط دے کر اس اندیشےکے ساتھ جلوس کو اس علاقے سے گزرنے کی اجازت دینے کی مخالفت کی تھی کہ معمول کے خلاف بہت بڑی تعداد میں دیگر علاقوں کے لوگوں کو بھی جلوس میں شامل کیا جارہا ہےاور ان لوگوںکے ذریعہ شر انگریزی کا خدشہ ہے۔ تاہم پولیس نے یہ خط لینے سے انکار کردیا اور پھر وہی ہوا جس کاخدشہ تھا۔ جلوس میں شامل افراد کی شرانگیزی سےہنگامہ برپا ہوگیا لیکن پولیس نے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے صرف مالونی کے ۱۸؍افراد کو گرفتارکیاہے۔اس کے علاوہ ۳۰۰؍تا ۴۰۰؍نامعلوم افرادکو بھی ملزم بتایا ہے۔ اب تک جلوس میںشامل لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

ہنگامے کے دوران امن قائم رکھنے میں اہم کردارادا کرنےوالے جمیل مرچنٹ کو پولیس نے ملزم بنادیا۔گرفتاری سے بچنے کیلئےجمیل مرچنٹ نےپیشگی ضمانت کی عرضی مقامی عدالت میں داخل کردی اورساتھ ہی ایک ویڈیو بھی عدالت میںپیش کیا جس میں امن و امان برقرار رکھنے میں مددکرنے کی بنیاد پر سینئر پولیس افسران کو جمیل مرچنٹ کا شکریہ ادا کرتےدیکھاجاسکتا ہے۔ ان کی عرضی پرسماعت کے دوران عدالت نے جمیل مرچنٹ کوگرفتاری سے عبوری راحت دے دی جس میں اب تک۵؍ مرتبہ توسیع کی جاچکی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.