شعبۂ معالجات کی جانب سے ’طب یونانی میں عمررسیدہ افراد کی نگہداشت‘ کے موضوع پر قومی سمپوزیم
علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے شعبۂ معالجات کی جانب سے ایک قومی سمپوزیم ’طب یونانی میں عمررسیدہ افراد کی نگہداشت‘ کے موضوع پر منعقد کیا گیا ، جس کی اختتامی تقریب کی صدارت پرو وائس چانسلر پروفیسر ایم ایچ بیگ نے کی ۔
مہمان خصوصی پروفیسر سید شاکر جمیل (جامعہ ہمدرد ، نئی دہلی) نے کہاکہ آج کے دور میں سائنسی تحقیق ضروری ہے اور طب یونانی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے ۔ فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے ڈین پروفیسر خالد زماں خاں نے سمپوزیم میں ہونے والی گفتگو کو نہایت کارآمد قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں اسی موضوع پر دو روزہ کانفرنس منعقد کی جانی چاہئے ۔ آرگنائزنگ سکریٹری اور شعبہ کے چیئرمین پروفیسر تنزیل احمد نے سمپوزیم کی رپورٹ پیش کی ، جبکہ ڈاکٹر تبسم لطافت نے سبھی مہمانوں ، مندوبین ، منتظمین اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا ۔
اس سے قبل سمپوزیم کی افتتاحی تقریب میں پروفیسر تنزیل احمد نے مندوبین کا خیرمقدم کیا اور’عمررسیدہ افراد کی طبی نگہداشت‘ کی ضرورت پر اظہار خیال کیا ۔ آرگنائزنگ چیئرمین پروفیسر عبدالمنان نے سمپوزیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے ڈین پروفیسر خالد زماں خاں نے سمپوزیم کے انعقاد کو سراہا ۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد سکندر حیات صدیقی (ڈائرکٹر ، یونانی خدمات ، اترپردیش) نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ یونانی طب کی پریکٹس کریں ۔
صدارتی خطاب میں سابق ڈین پروفیسر سید مودود اشرف نے تحقیق اور شواہد پر مبنی طب کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا ۔ معاون آرگنائزنگ سکریٹری پروفیسر مصباح الدین صدیقی نے مہمانوں اور مندوبین کا شکریہ ادا کیا ۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر عبدالعزیز خاں نے انجام دئے ۔
افتتاحی تقریب کے بعد دو سائنسی سیشن ہوئے ۔ پہلے سائنسی سیشن میں جامعہ ہمدرد ، نئی دہلی کے پروفیسر سید شاکر جمیل نے خطاب کرتے ہوئے ’عمررسیدہ افراد کی طبی نگہداشت‘ کے سلسلہ میں جامعہ ہمدرد میں اب تک کی گئی تحقیق سے واقف کرایا اور بڑے سیمپل سائز پر تحقیق کرنے پر زور دیا ۔ دوسرا لیکچر اے ایم یو کے پروفیسر عبدالمنان نے دیا ۔ انھوں نے کہاکہ صحت مند زندگی کے لئے طب یونانی میں بیان شدہ طرز زندگی اپنانا بے حد سود مند ہے ، اس سے پیرانہ سالی میں فائدہ ہوتا ہے ۔ دوسرے سائنسی سیشن میں شعبۂ علاج بالتدبیر ، اے ایم یو کے پروفیسر محمد انور نے خطاب کرتے ہوئے ان شعبوں کی نشاندہی کی جن میں طب یونانی خاص رہنمائی کرتی ہے اور اس سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔