صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

مسلم ریزرویشن : کیا اب عدالت ہی آخری اُمید ہے ؟

افریقی امریکیوں نے بھی اپنے زیادہ تر حقوق کورٹ کے ذریعے ہی حاصل کئے ہیں چاہے وہ اسکول میں نسلی امتیاز کا معاملہ ہو یا ناسا میں ملازمت یا بڑی ذمہ داری حصول

1,212

ایس ایم ملک ۔ ممبئی

بالآخر مراٹھوں کو 58 خاموش مورچوں ، کئی قیمتی جانوں کے زیاں اور ہزاروں کیسز کے بعد مہاراشٹر حکومت نے 16 فیصد ریزرویشن دےہی دیا اور مسلمانوں کی اتنی منت سماجت، مورچوں، دھرنوں اور کئی سیاسی پارٹیوں کی حمایت کے بعد بھی ریزرویشن دینے سے یہ کہہ کر صاف انکار کردیا کہ’مسلمانوں کو مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن نہیں دیا جا سکتا‘۔مشہور قانون داں ایم جی نورانی نے بالکل صحیح کہا کہ’جو حکومت آپ کے ساتھ امتیازی سلوک کرتی ہے وہ بھلا آپ کو با اختیار کیسے کرے گی‘؟

سابقہ کانگریس ، این سی پی حکومت نے مسلمانوں کو تعلیم اور نوکری دونوں میں 5/ 5 فیصد ریزرویشن دیا تھا لیکن ہائی کورٹ نے یہ کہہ کرکہ ایک ہی اعداد وشمار کی بنیادپر تعلیم اور ملازمت دونوں ریزرویشن نہیں مل سکتا ، صرف تعلیم کا 5 فیصد رہنے دیا اور ملازمت کا ردکر دیا ۔ افسوس کہ کسی بھی مسلم آرگنائزیشن نے اس ڈیٹا کو علیحدہ کرکے واپس ہائی کورٹ سے رجوع نہیں کیا ۔ موجودہ حکومت سے تو اس کی کوئی توقع ہی نہیں تھی ۔ کیوں کہ اس نے خود ہی 5 فیصد تعلیمی ریزرویشن کو ہائی کورٹ کی رضا مندی کے بعد بھی رد کردیا تھا ۔

خیر اب وزیر اعلیٰ  فڑنویس نے دو باتیں کی ہیں کہ مسلمان بیک ورڈ کمیشن سے سروے کرا کر لائیں تو پھر سوچیں گے ، ظاہر ہے جس کا مقصد مزید وقت حاصل کرنا اور مسلمانوں کو او بی سی سے لڑانے کے سوا کچھ نہیں ہے ۔

دوسری بات جو بے حد اہم ہے کہ وزیر اعلیٰ فڑنویس نے ہائی کورٹ سے پاس کردہ ایجوکیشن ریزرویشن کو رد کرنے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال پر کہا کہ ’ہائی کورٹ نے ایسا کوئی حکم نہیں دیاکہ اسے دے ہی دیا جائے‘ ۔ بھلا آر ایس ایس نظریہ والی حکومت آپ کو ریزرویشن کیوں دے گی ؟ اس لئے راقم کی یہ رائے ہے کہ جو مسلم آرگنائزیشنز ریزرویشن کی تحریک چلا رہی ہیں وہ حکومت کے ذریعے پیش کئے گئے ڈیٹا کو ہائی کورٹ سے حاصل کرکے علیحدہ کریں اور واپس ہائی کورٹ سے رجوع کریں ۔

یاد رکھیئے افریقی امریکیوں نے بھی اپنے زیادہ تر حقوق کورٹ کے ذریعے ہی حاصل کئے ہیں چاہے وہ اسکول میں نسلی امتیاز کا معاملہ ہو یا ناسا میں ملازمت یا بڑی ذمہ داری حاصل کرنا ہو وغیرہ وغیرہ ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.