معروف مراٹھی اداکارہ اور تھیٹر آرٹسٹ لالن سارنگ کا انتقال
پونے : معروف اداکارہ اور تھیٹر آرٹسٹ لالن سارنگ کا یہاں جمعہ کو ایک نجی اسپتال میں انتقال ہو گیا ۔انکے خاندانی ذرائع نہ یہ خبر دی ہے ۔وہ ۷۹ سال کی تھیں ۔سارنگ کے خاندان میں بیٹا راکیش اور ان کے دیگر خاندان کے افراد شامل ہیں ۔ذرائع کے مطابق انہیں تقریباً ایک ماہ قبل اسپتال میں داخل کیاگیا تھا ۔انہیں ضعیفی کے سبب کچھ بیماریاں لاحق تھیں ۔سارنگ کی پیدائش ۲۶ ؍ دسمبر ۱۹۳۸ کو ممبئی کے ایک متوسط گھرانے میں ہوئی تھی ۔ان کے خاندان میں کسی کا تعلق تھیٹر سے نہیں تھا۔وہ ممبئی مٰں کالج کے دنوں میں تھیٹر سے دلچسپی لینے لگی تھیں ۔وہاں انہوں نے ایک ڈرامہ کمپٹیشن میں حصہ لیا تھا ۔جہاں انہیں اپنے کردار کیلئے کافی سراہا گیا ۔سارنگ کو ’سکھا رام بائنڈر ‘،’گِدھاڑ‘، ’رتھ چکر ‘اور ’کملا‘ سمیت کئی ڈراموں میں اپنے متاثر کن کردار کیلئے جانا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ’سامنا ‘ ، ’ہا کھیل ساولیانچا‘اور ’مہک ‘ جیسی فلموں میں اہم کردار ادا کیا تھا۔انہوں نے کئی ہندی سیرئلوں میں بھی کام کیا تھا۔اس کے علاوہ کچھ کتابوں کی تصنیف بھی ان کے نام ہے ۔ان کے شوہر کملاکر سارنگ ایک معروف تھیٹر ڈائریکٹر تھے ۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ ان کی آخری رسومات کی ادائیگی ممبئی میں ہفتہ کو ادا کی جائے گی ۔