مالیگاؤں : دس کے سکے کے بدلے نوٹ نہ دینے پر دکاندار کا قتل
مالیگاؤں : (نامہ نگار) کل شب مالیگاؤں میں انتہائی معمولی بات کو لیکر ایک قتل کی واردات پیش آئی جس سے پورے شہر میں رنج و غم کا ماحول پایا جارہا ہے تفصیلات کے مطابق مالیگاؤں کی سردار سنیما کے پاس سردار کمپلیکس کے باہر ٹھنڈا پانی اور لیمو شربت کی دکان لگانے والے سعید احمد عبدالحمید (53 سال) حسب معمول دکان لگا کر اپنا کام کررہے تھے کہ دو شخص آئے اور انہوں نے لیمو کا شربت پیا اور سو روپئے کا نوٹ تھما دیا اس کے بدلے میں چھٹے میں دکاندار نے کچھ نوٹ اور کچھ دس کےسکے واپس کئے تو دونوں افراد نے سکے واپس دیکر اس کی بجائے نوٹ دینے کو کہا تو دکاندار سعید احمد نے اس کے جواب میں کہا کہ میرے پاس نوٹ نہیں ہے آپ سکہ ہی رکھ لیں اس بات پر دونوں نوجوانوں کو طیش آگیا اور ضعیف العمر دکاندار سعید احمد کی پٹائی کردی جسسے سر پر کافی گہری چوٹ لگی بیچ بچاؤ کرنے والے افراد نے فوراً زخمی سعید احمد کو ہاسپٹل پہنچایا جہاں پر ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی ۔