صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

اورنگ آباد میں پہلا ہمہ لسانی کتب میلہ برائے اطفال کا مطالبہ

1,175

اورنگ آباد : (جمیل شیخ) اس وقت ملک میں بلاشبہ اردوزبان و ادب کے فروغ ، معیاری کتابوں کی اشاعت و ترویج میں قومی کونسل برائے فروغ  اردو زبان  سر فہرست ہے ۔ کونسل کے قیام سے اردوزبان و ادب کو بہت فائدہ پہنچا ہے ، صرف زبان و ادب کو ہی نہیں بلکہ مصنفین ، ناشرین کے ذریعہ اردو کے فروغ کے لیے مختلف میدانوں میں خدمات انجام دینے کے سبب افراد بھی اس سے مستفید ہورہے ہیں ۔ کونسل کے ذریعہ شائع ہونے والے رسائل وجرائد ، ’ماہنامہ بچو ں کی دنیا ، اردو دنیا ، ماہنامہ خواتین کی دنیا اور سہ ماہی فکرو تحقیق‘ جو اپنے تحقیقی مواد ، دیدہ زیب چھپائی کے اعتبارسے عالمی پرچوں کی صف میں شمار کیے جاتے ہیں ، نہ صرف خوبصورت چھپائی کے اعتبارسے بلکہ فروخت کے بھی عالمی ریکارڈ بنائے ہیں ۔

گزشتہ دنو ں قومی ارو کونسل کے صدر دفتر میں منعقدہ میٹنگ میں ’ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن‘ اورنگ آباد کے صدر مرزا عبدالقیوم ندوی نے چند قابل عمل تجاویزات پیش کرتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ اورنگ آباد مہاراشٹر میں ملک کا پہلا ’ہمہ لسانی اطفال کتب میلہ‘ منعقد کیاجائے ۔ اورنگ آباد کا انتحاب اس لیے کیاجائے کہ 2014 میں اورنگ آباد میں منعقدہ قومی کتاب میلہ میں سب سے زیادہ یعنی 1کروڑ 29لاکھ سے زائد کی کتابیں صرف نو دنوں میں فروخت ہوئی تھیں ، جو قومی کونسل کی جانب سے منعقدہ  میلوں کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے ۔

قومی کونسل کی مطبوعات اپنے معیاری اور کم قیمت ہونے کی وجہ سے عوام میں خصوصاَ طلباء واساتذہ میں بہت مقبول ہے ، جس کا اندازہ مہاراشٹرمیں منعقد ہونے والے اردو کتاب میلوں سے ہوا ہوگا ۔ مہاراشٹر میں کونسل کی مطبوعات کا علاقائی مرکز قائم کیاجائے ، اردو کتابوں خصوصاَ کونسل کی مطبوعات کے فروغ کے لیے علاقائی تین روزہ ،یا پانچ روزہ کتاب میلہ منعقد کیے جائیں ، جس کا انتظام و اہتمام مقامی NGO کودیاجائے اور کونسل اس کے لیے مالی تعاون فراہم کرے ۔ بچوں کی دنیا اور خواتین کی دنیا کیلیے بین المدارس مختلف پروگراموں کا انعقاد کیاجائے جیسے ، بیت بازی ، کوئزمقابلہ ، تقریری ، وتحریری مقابلہ ، جوبچوں کی دنیاکے نام سے اور کونسل کے تعاون و اشتراک سے منقعد کیے جائیں ۔

مذکورہ بالا سب کام مہاراشٹر کے علاقائی مرکز سے انجام دیئے جاسکتے ہیں ۔ اسکولوں میں چلڈرن بک فیسٹول کے ذریعہ بچوں کے ادب اورنئی نسل میں مطالعہ کے شوق کو پروان چڑھایا جاسکتا ہے ۔ اس سے کونسل اور دیگر سرکاری ونیم سرکاری اداروں سے شائع ہونے والے بچوں کے ادب کوفروغ حاصل ہوگا ۔ جیسے ، ساہتیہ اکیڈمی ، نیشنل بک ٹرسٹ ، ریاستی اردو اکیڈمیوں سے شائع ہونے والی بچوں کی کتابیں وغیرہ ۔ اس میٹنگ میں ڈائریکٹر شیخ عقیل احمد ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرکمل سنگھ ، محمد احمد ، بچوں کی دنیا کے نائب مدیر عبدالحئی ، ایم آر پبلیشر کے عبدالصمد ، ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی(اسسٹنٹ ڈائریکٹر) ریسرچ ایجوکیشن آفیسر اجمل سعید موجود تھے ۔ میٹنگ میں تمام پہلوئوں پرغور کرنے کے بعد تیقن دلایا گیا کہ جلد ہی مذکورہ مشوروں اور تجاویزات کو عملی جامہ پہنایا جائے گا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.