صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

حقوق العباد کے بغیر حج کی ادائیگی قابل قبول نہیں : سمیہ سمرین

1,655

ناگپور : سفر حج سے پہلے عازمین کو صدق دل سے پچھلے تمام گناہوں سے توبہ و استغفار کرلینا چاہئے ۔ اگر عازمین حج کا کسی پر کوئی حق یا امانت ہو تو اسے ادا کر دینا بھی ضروری ہے ۔ جانز اور حلال دولت سے ہی حج ہو سکتا ہے ورنہ اللہ کے نزدیک اس کی قبولیت کا کوئی امکان  نہیں ۔ شرک ، مشرکانہ رسوم ، فتنہ وغیرہ سے اپنے آپ کو بچاۓ رکھنا بہت ضروری ہے ۔ اس سے نیک اعمال برباد ہو جاتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار درس قرآن کے تحت ’حج تربیتی  کیمپ‘ میں سمیہ سمرین نے کیا ۔

حلقۂ خواتین ، جماعت اسلامی ہند ، ناگپور مغرب کے زیر اہتمام مرکز مسجد ہال ، جعفر نگر میں خواتین عازمین حج کے لیے تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے زیبا خان نے کہا کہ حج اجتماعی عبادت ہے ۔ حج کے ارکان پوری دنیا کے مسلمان ایک ساتھ  ایک ہی وقت میں طۓ مقام پر ہی ادا کرتے ہیں ۔ مناسک حج کے لئے تمام دنیا کے مسلمانوں کو صحرائے عرب میں جمع ہونا ضروری ہے ۔ ایک بڑی تعداد جمع ہونے کی صورت میں ہمیں صاف صفائی کا خصوصی دھیان رکھنا چاہیے اور بداخلاقی ، بدنظمی سے اپنے آپ کو بچاۓ رکھنا چاہیے ۔

اس کیمپ کو مخاطب کرتے ہوئے فوزیہ ترنم نے کہا کہ اسلام کے پانچ بنیادی فرائض میں حج ایک اہم فریضہ ہے ۔ ادائیگیٔ حج اور رضاۓ الہی کے لئے جان مال اور وقت بہت ضروری ہے ۔

نیک اعمال کی قبولیت کی دو شرطیں ہیں ایک یہ کہ سارے اعمال رب کو راضی کرنے کے لئے ہو دوسرے نبیٔ آخرالزمان ﷺ کے طریقے پر ہو ۔ اسی طرح حجاج کرام کو دکھاوے اور ہر قسم کی بداعمالیوں سے بچنا چاہیۓ ۔

فلاح منزل مومن پورہ میں حلقۂ خواتین ، جماعت اسلامی ہند ناگپور سینٹرل کے تحت منعقد حج تربیتی کیمپ میں عالمہ شبنم پروین نے خواتین عازمین حج کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ سفر حج کے لئے تزک اہتمام نہیں کرنا چاہیے بلکہ سادگی اور انکساری کے ساتھ جانا اور آنا چاہئے ۔ رسومات اور نمائش سے پرہیز کریں ۔

مدرسہ جامعات المومنات کی صدر معلمہ رومانہ کوثر نے مناسک حج اور عمرہ کے  ساتھ  طواف کے طریقے پر  مفصل روشنی ڈالی ۔ ہر طواف کے بعد واجب الطواف نماز دو رکعت پڑھنا ضروری ہے ۔ انہوں نے 8 ذی الحجہ کو منٰی اور9 ذی الحجہ کو وقوف عرفات میں دعا کا طریقہ اور جمع بین الصلاتین کے بارے میں معلومات فراہم کی ۔ مستورات کے احرام کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مستورات کے لئے احرام کی کوئی علامت نہیں ہے صرف نیت کرنا اور جسطرح نماز میں دوپٹہ کو اوڑھا جاتا ہے بس اسی طرح دوپٹہ کو لپیٹا کافی ہے ۔

ان دونوں کیمپ میں کثیر تعداد میں خواتین عازمین حج نے شرکت فرمائی ۔ نظامت عذرہ پروین اور مشتری بیگم نے بحسن وخوبی انجام دی ۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.