ڈاکٹر عامر رینا زراعت و تغذیہ سے متعلق ہالینڈ کے فیلوشپ پروگرام میں شریک ہوئے
علی گڑھ : ویمنس کالج ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے نباتیات سیکشن کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عامر رینا نے حال ہی میں ہالینڈ کے واشنگٹن سنٹر فار ڈیولپمنٹ اِنّوویشن میں نَفّک اوکے پی فیلوشپ پروگرام میں حصہ لیا ۔ اس باوقار پروگرام میں شرکت کرنے والے وہ واحد ہندوستانی تھے ، جس کے لئے ایشیا ، یوروپ ، افریقہ و امریکہ کے ممالک سے 30؍سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں ۔
ڈاکٹر رینا نے بتایا کہ اوکے پی فیلوشپ ہالینڈ کی وزارت امور خارجہ کی جانب سے دی جاتی ہے ۔ انھوں نے فیلوشپ پروگرام کے دوران اس بات پر زور بتایا کہ زرعی منصوبوں اور پالیسیوں کو تغذیہ کے حوالہ سے زیادہ موزوں کئے جانے کی ضرورت ہے ۔ فیلوشپ پروگرام غذا اور تغذیہ کے تحفظ کے تعلق سے مختلف زرعی طور طریقے تلاش کرنے کا ایک عمدہ موقع تھا ۔
ڈاکٹر رینا نے مزید کہاکہ اس پروگرام میں شرکت کرکے انھیں فوڈ سسٹمس ، ویلو چین ، فوڈ سیکورٹی ، نیوٹریشن سیکورٹی اور ان کے باہمی تعلق کو جاننے سمجھنے کا موقع ملا جس سے تغذیہ کے تئیں حساس زرعی پروگرام اور پالیسیوں کو فروغ دینے کے لئے نظریاتی اصولوں کو عمل میں لانے میں مدد ملے گی ۔