صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے ڈاکٹروں نے مریض کے گلے سے ٹیومر نکال کر اسے نئی زندگی دی

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جے این ایم سی میں جدید ترین سہولیات کے ساتھ کم فیس میں بہترین علاج فراہم کیا جاتا ہے

1,276

علی گڑھ : جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈاکٹروں نے نامور سرجن پرو وائس چانسلر پروفیسر ایم ایچ بیگ کی رہنمائی میں ایک مریض کے گلے سے خطرناک ٹیومر کو تین گھنٹے کی سرجری کے بعد کامیابی کے ساتھ نکالا اور اسے نئی زندگی دی ۔

مغربی چمپارن ، بہار کے غوث الاعظم کے گردن میں بائیں طرف سوجن تھی، جس کے علاج کے لئے انھوں نے کئی ڈاکٹروں کو دکھایا اور آخرکار انھیں جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج ریفر کیا گیا۔ تفصیلی جانچ میں پتہ چلا کہ مریض کے گردن سے سر کی طرف جانے والی نلی میں گولف کی گیند کے سائز کا ایک ٹیومر ہے ۔ مریض کو جے این ایم سی کے کارڈیوتھوریسک سرجری شعبہ میں بھرتی کیا گیا اور پروفیسر بیگ کی رہنمائی میں شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اعظم حسِین ، ڈاکٹر مہتاب عالم اور ڈاکٹر غضنفر خاں کی ٹیم نے تین گھنٹے تک چلنے والی کامیاب سرجری کرکے ٹیومر کو نکال دیا ۔ آپریشن کے دوران چند منٹوں کے لئے دماغ تک خون کی سپلائی روک دی گئی تھی ۔ مریض کو مکمل شفایابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔

پرو وائس چانسلر پروفیسر ایم ایچ بیگ نے کہا کہ ایک ٹیم کی طرح کام کرنے سے اس پیچیدہ سرجری میں کامیابی حاصل ہوئی ۔ انھوں نے کہا کہ کارڈیوتھوریسک سرجری شعبہ میں ہر سال تقریباً تین سو پچاس مریضوں کا علاج ہورہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ یہ مغربی اترپردیش کا واحد سرکاری سنٹر ہے جہاں پر چھوٹے بچوں کے دل کی پیچیدہ سرجری کامیابی کے ساتھ کی جارہی ہے ۔

ڈاکٹر محمد اعظم حسین نے بتایا کہ ٹیومر گردن کی نلی میں تھا اور ذرا سی غلطی سے بہت سارا خون ضائع ہوجاتا۔ انھوںنے کہاکہ ان کے کیریئر میں اس طرح کے ٹیومر کا یہ صرف چوتھا کیس ہے۔ ڈاکٹر مہتاب عالم نے بتایا کہ وارانسی، لکھنؤ اور ممبئی کے مختلف اسپتالوں نے اس پیچیدہ سرجری کو کرنے سے منع کردیا تھا کیونکہ زیادہ خون ضائع ہونے کا خطرہ تھا ۔ انھوں نے کہاکہ ایسی سرجری میں زیادہ خون ضائع ہونے سے اکثر چہرہ کے لقوے اور موت کا بھی خطرہ رہتا ہے۔ انستھیسیا کے ماہر ڈاکٹر ندیم رضا نے کہاکہ یہ سرجری بہت چیلنجنگ تھی کیونکہ حساس جگہ کی سرجری سے حرکت قلب اور بلڈ پریشر میں کافی تغیر ہوتا رہتا ہے ۔

اس کامیاب آپریشن پر فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر ایس سی شرما نے سرجری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ جے این ایم سی میں جدید ترین سہولیات کے ساتھ کم فیس میں بہترین علاج فراہم کیا جاتا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.