اتر پردیش تبدیلی نام کی سیاست کی گرمی مہاراشٹر پہنچی
اورنگ آباد اور عثمان آباد کے نام تبدیل کئے جانے کا شیو سینا کی جانب سے مطالبہ
ممبئی : اتر پردیش میں یوگی حکومت کے ذریعہ الہ آباد اور فیض آباد کا نام بدلنے کے اعلان اور گجرات میں احمد آباد کا نام تبدیل کی چیمہ گوئیوں کے درمیان مہاراشٹر میں بھی نام بدلنے سے جڑی بیان بازیاں شروع ہو چکی ہیں ۔ شیو سینا کی جانب سے اب کہا گیا ہے کہ اورنگ آباد اور عثمان آباد کا نام بدل کر سمبھا جی نگر اور دھارشیو رکھا جائے ۔ شیو سینا کی لیڈر اور پارٹی ترجمان منیشا کائندے نے کہا ’اورنگ آباد اور عثمان آباد کا نام بدل کر سمبھا جی نگر اور دھارشیو رکھنے کا مطالبہ کوئی نیا نہیں ہے‘ ۔ انہوں نے کہا ہم مذکورہ مطالبہ بار بار کرتے ہیں ۔ کانگریس اور این سی پی کی وجہ سے ان شہروں کے نام تبدیل نہیں ہو سکے ہیں اور مسلم ووٹر اس کی اہم وجہ ہے ۔ واضح ہو کہ شیو سینا ایم پی سنجئے رائوت بھی حال ہی میں یہ مطالبہ کر چکے ہیں ۔ رائوت نے ٹوئٹ کیا تھا ’یوگی آدتیہ ناتھ نے فیض آباد کا نام تبدیل کرکے ایودھیا کردیا ۔ الہ آباد کا بدل کر پریاگ راج کردیاگیا ۔ وزیر اعلیٰ دیوندر فڑنویس اورنگ آباد کا نام بدل کر سمبھا جی نگر اور عثمان آباد کا نام دھاراشیو کب کررہے ہیں ؟ سب سے پہلے دہلی میں اورنگزیب روڈ کا نام اے پی جے عبد الکلام کرنے کے بعد مہاراشٹر کے اورنگ آباد ضلع کا نام تبدیل کئے جانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا تھا ۔