12 ؍ ربیع الاول کے موقع پر بلڈ ڈونیشن کیمپ
687 ؍افراد نے اپنا خون عطیہ کیا ،یہ صدقہ عظیم اور انسانیت کی بہترین خدمت ہے : ڈاکٹر انوار صدیقی
ناگپور : ’جو رحم نہیں کرتے ان پر رحم نہیں کیا جاتا، تم زمین والوں پر رحم کرو آسمان والا تُم پر رحم کرے گا، تُم اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتے جب تک تم دوسروں پر رحم نہ کرو‘۔ پیغمبر حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی ان احادیث مبارکہ کا تذکرہ کرتے ہوئے جماعتِ اسلامی ہند ناگپور کے ناظم شہر ڈاکٹر انوار صدیقی نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات نے ناحق خون بہانے کا حکم نہیں دیا بلکہ زندگی بچانے کا حکم دیا ہے ۔ لہٰذا ہمیں خون کا عطیہ کر کےلوگوں کی زندگی کو بچانا چاہئے ۔ انسانوں میں دوڑتا ہوا خون آدم اور حوا کا ہے، جو دنیا کے پہلے اِنسان ہیں ۔ آج مسلم کے ساتھ برادران وطن نے بھی خون کا عطیہ کر کے بھائی چارے کے رشتے کو قوت بخشی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک ہی تنظیم کے ذریعہ 687 بوتل خون جمع کرنا شہر اور ضلع میں ایک ریکارڈ ہے ۔ اس بلڈ ڈونیشن کیمپ میں کامٹی سے 37، جعفر نگر سے 190 اور مسلم لائبریری سے 460 بیگ حاصل ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ بہترین عطیہ ہے، یہ انسانیت کا بہترین ثبوت ہے ، بھلائی کا کام اور بہترین عبادت بھی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بلڈ ڈونیشن کیمپ میں جمع کردہ خون کا ایک بڑا حصہ گورنمنٹ میڈیکل کالج کو دیا گیا ۔ مومن پورہ کی مسلم لائبریری میں زون 3 کے ڈی سی پی راہل ماکنیکر نے پولیس انسپکٹر ویبھو جادھو کے ساتھ فیۃ کاٹ کر کیمپ کا افتتاح کیا ۔
اس موقع پر موجود شخصیات میں اوستھی چوک، جعفر نگر کے نیو چوپڑا لان میں گٹی کھدان تھانے کے پولیس انسپکٹر ونود چودھری نے فیتہ کاٹ کر اس کیمپ کا افتتاح کیا ۔ جماعتِ اسلامی کے اس کام کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ حادثوں کے علاوہ مختلف حالات میں خون کی بہت ضرورت پڑتی ہے ۔ رینبو بلڈ بینک کی ویشنوی پتكی نے کہا کہ ہم سیکل سیل اور تھیلیسیمیا کے 25 رجسٹرڈ مریضوں کوضرورت پڑنے پر خون کے مفت بیگ فراہم کرتے ہیں، گورنمنٹ میڈیکل کالج، کینسر هاسپٹل، خون کا عطیہ کرنے والوں اور غریب مریضوں کو بہت کم رقم میں خون مہیّا کرتے ہیں ۔ پروفیسر ایّوب خان نے بھی اِس موقع پرعطیہ خون کے تعلق سے روشنی ڈالی ۔ کیمپ میں خواتین نے بھی بلڈ ڈونیشن میں حصہ لیا ۔ماہر امراضِ قلب ڈاکٹر عبد العزیز خان نے اپنے معاون ڈاکٹروں کے ساتھ کیمپوں میں شامل ہو کر اس میں تعاون فرمایا ۔ تینوں کیمپوں کو کامیاب بنانے میں میڈیکل سروس سوسائٹی آف انڈیا ناگپور، آئی آر ڈبليو، یوتھ ونگ، حلقہ خواتین اور شعبہء خدمتِ خلق کا اہم تعاون رہا ۔بلڈ ڈونیشن کیمپوں میں، ناگپور کے جی ایم سی، میو اور ڈاگا ہاسپیٹل ، رینبو اور جیون جیوتی بلڈ بینک نے خون جمع کیا ۔