صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بھیونڈی کے رئیس ہائی اسکول گراونڈ پر کل مہاراشٹر بین المدارس اردو تقریری مقابلے کی تیاریاں مکمل

1,742

بھیونڈی:(عارِف اگاسکر)کوکن مسلم ایجو کیشن سو سائٹی بھیونڈی ،ضلع تھانے کے زیر انتظام سردار حاجی امیر صاحب رئیس ہائی اسکول اینڈ جو نیر کالج بھیونڈی شہر میںاردو میڈیم کا معروف اورقدیم ترین تعلیمی ادارہ ہے۔جو اپنی عمر کے پُر شباب ۹۰؍ برس مکمل کر تے ہوئے شہر و مضافات کے طلبہ اور طالبات کی ایک بڑی تعداد کو زیور علم سے آراستہ کر رہا ہے ۔ سیکنڈری اسکول، آرٹس ، سائنس اور کامرس کے جو نیر کالج، وو کیشنل وِنگ، ٹیکنکل شعبہ اور اوپن یو نیور سٹی کے سینٹر میں تقریباً ۱۲۵؍کےافراد پر مشتمل اسٹاف اور ۴۵۰۰؍ طلبہ پر مشتمل یہ تعلیمی کارواںملّت کی آنکھ کا تارا بن چکا ہے ۔ متذکرہ ادارے کے تحت طلبہ کو فنِ خطابت سے آشنا کر نے کے لیے ۱۹۵۵ء میںکل مہاراشٹر اردو تقریری مقابلے کا آغاز کیا گیا ۔

رفتہ رفتہ یہ تقریری مقابلے اپنے بلند معیار، عنوانات کی بر جستگی اور انفرادیت اور اکابرین کی شرکت کی وجہ سے رِیاست بھر میں بے حد مشہور و معروف ہوا ہے۔حتٰی کہ مذکورہ تعلیمی ادارے کے ذریعہ تقریری مقابلے کے انعقاد کی گولڈن جو بلی تقریب بھی منائی جا چکی ہے۔یہ مقابلے اپنا مافی الضمیر اور پیغام عام کر نے کا ایک بہترین پلیٹ فار م ہے۔گذشتہ پانچ برس سے اس مقابلے میں آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران کو ہی بہ طور مہمانان خصوصی مدعو کیا جا رہا ہے تاکہ اردو دنیا کو ایک مثبت پیغام دیا جا سکے اور طلبہ کو ایڈ منسٹر یٹیو سر وسیزکی جانب راغب کیا جا سکے ۔ وہ بھی ان کی طرح ملک و قوم کی خدمت بہتر طریقے سے انجام دے سکیں۔

ہر سال کی طرح امسال بھی ’’سردار حاجی امیر صاحب رئیس ہائی اسکول بھیونڈی‘‘ کےگراونڈ پر جمعہ۴ ؍ جنوری ۲۰۱۹ء کو منعقد کیے جانے والے ۶۱؍ ویں کل مہاراشٹر بین المدارس اردو تقریری مقابلے کی تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ اس سلسلے میں رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج کے پرنسپل ضیاء الرحمن انصاری نے تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ اینٹری فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ یعنی ۳۱؍ دسمبر ۲۰۱۸ء تک مہاراشٹر کے مختلف علاقوں سے ۴۴؍ اسکولوں نے شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے ۔ ان میں بھیو نڈی ، کلیان ، ممبرا، تھانے اور ممبئی سے ۳۲؍اور ناشک، مالیگاؤں، دھولیہ وغیرہ علاقوں سے ۱۲؍ اسکول شرکت کریں گے۔ بیرونِ شہر سے آنے والی اسکولوں کے مقررین و نگراں اساتذہ کے قیام اور تمام شریک اسکولوں کے طعام کا معقول انتظام کیا گیا ہے۔ پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری نے مزید بتایا کہ یہ ۶۱؍واںمقابلہ ہے جو ایک ہی دن میں تین مرحلوںمیں مکمل ہوگا ۔ صبح ساڑھے آٹھ بجے دو متوازی مرحلوں میں ابتدائی مقابلہ ہوگاجس کے ذریعے مجموعی طور پر ۲۰؍ مقررین منتخب کیے جائیں گے جو سہ پہر حتمی مقابلے میں پیش کیے جائیں گے۔آپ نے کے ایم ای سوسائٹی کے صدر اسلم فقیہ ، سیکریٹری ڈاکٹر مصدق پٹیل اور چیرمین شفیع مقری کے ساتھ تمام مجلسِ منتظمہ کا شکریہ ادا کیا کہ روایت کی پاس داری کرتے ہوئے اتنا شان دار انتظام اور شرکاکو اپنا مافی الضمیر بیان کرنے کا ایک بڑا پلیٹ فارم مہیا کرایا جاتا ہے ۔

سہ پہر تین بجے، اسکول میدان پر منعقدہ مقابلے کی صدارت اسلم فقیہ (صدر، کے ایم ای سوسائٹی)فرمائیں گے ۔ اس تقریری مقابلے کو مزید مقصدیت عطا کرنے کی غرض سے بہ طورمہمانِ خصوصی رضوان احمد (آئی ای ایس آفیسر، ممبئی) تشریف لا رہے ہیںجو مقابلہ جاتی نیز سول سروسیز امتحانات سے متعلق خصوصی خطاب فرمائیں گے۔ دیگر مہمانان میں شعیب ہاشمی ( ایکزیکٹیو آفیسر، اردو اکیڈمی، مہاراشٹر)، ڈاکٹر عبدالماجد انصاری (پروفیسر ، مہاراشٹر کالج، ممبئی) اورسعید احمدخان (صحافی، روزنامہ انقلاب، ممبئی) بھی تشریف لا رہے ہیں۔واضح ہو کہ یہ تقریب جدید تکنیک سے ہم آہنگ ہو گی۔حتمی مقابلے کو اسکول کے آفیشیل یو ٹیوب چینل پر براہِ راست دیکھا جا سکتا ہے۔ پرنسپل نے اہلِ ذوق سے مع احباب شرکت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ۱۲۵؍ افراد کا اسٹاف اور سوسائٹی کے جملہ اراکین مہمانوں کی آمد کے بہ سر و چشم منتظر ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.