صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

اُردو گھر کا جلدآغاز ہوگا ، اقلیتی کمیشن کے چیئر مین حاجی عرفات شیخ کی یقین دہانی

1,362

ناندیڑ : (مقتدرالدین) ناندیڑ شہر میں ریاستی حکومت کی جانب سے تعمیر کردہ عالیشان اُردو گھر کا جلد ہی افتتاح ہوگا اور اُردو گھر کا باقاعدہ طور پر آغاز عمل میں آئے گا۔ اس طرح کا بیان مہاراشٹر اسٹیٹ اقلیتی کمیشن کے چیئر مین حاجی عرفات شیخ نے دیا ۔ ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئر مین حاجی عرفات شیخ آج ایک روزہ دورہ پر ناندیڑ آئے تھے ۔ صبح دیوگری ایکسپریس سے اُن کی ناندیڑ آمد ہوئی ۔ ناندیڑ کے ریسٹ ہائوس میں مسلم ‘ سکھ‘ عیسائی‘ بودھ‘ جین سماج کے وفد سے انہوں نے ملاقات کی ۔ ناندیڑ کے کلکٹر آفس میں وزیرِ اعظم کے ۱۵ نکاتی پروگرام کے تحت اقلیتی اسکیمات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا تھا ۔ اس اجلاس میں انہوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ہیمنت پاٹل ‘ سبھاش سا بنے ‘ ایڈیشنل کلکٹر خوشحال پردیسی ‘ ضلع ایس پی سنجے جادھو ‘ سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے ۔ شیخ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ناندیڑ میں عالیشان اُردو گھر تعمیر ہوچکا ہے ۔

اس کے افتتاح کے لئے چیف منسٹر دیویندر فڑنویس اور ریاستی اقلیتی اُمور وزیر ونود تائوڑے سے ضلعی انتظامیہ تبادلہ خیال کرکے اُردو گھر کا افتتاح انجام دیں اور اُسے باقاعدہ طور پر کارکرد بنائیں ۔ گرودوارہ بورڈ کے چیف آفیسر ڈی پی سنگھ نے اس موقع پر اُن سے مطالبہ کیا کہ مال ٹیکڑی علاقہ میں گرودوارہ کے اطراف مزید اراضی حکومت کی جانب سے گرودوارہ بورڈ کو فراہم کی جائے ۔ اقلیتوں کے لئے روبہ عمل لائی جانے والی سرکاری اسکیمات کا انہوں نے جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت دی کہ اسکیمات کو بہتری سے روبہ عمل لاکر اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اقلیتی طبقہ کو پہنچایا جائے ۔ حاجی عرفات شیخ نے آج ناندیڑ کے مشہور سچکھنڈ گرودوارہ اور نئے تعمیر شدہ اُردو گھر کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر بی جے پی اقلیتی شعبہ کے اکبر پٹھان اور دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.