لوہا میونسپل انتخابات میں بی جے پی کو اکثریت
صدر بلدیہ سمیت ۱۳ نشستوں پر کامیابی
ناندیڑ : (نامہ نگار) ناندیڑ ضلع کے لوہا ٹائون میونسپل کونسل کا عام چنائو گذشتہ کل انجام پایا تھا ۔ اس بار بھی عوام کی رائے دہی سے صدر بلدیہ کا راست چنائو عمل میں آیا اور ۱۷ کونسلرس منتخب کیئے گئے ۔ گذشتہ کل ۸۷ فیصد رائے دہی عمل میں آئی تھی ۔ صبح ۸ بجے سے ووٹوں کی گنتی کا کام شروع ہوا ۔ گیارہ بجے تک نتائج ظاہر کردیئے گئے ۔ لوہا بلدیہ چنائو میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان راست مقابلہ ہوا ۔ صدر بلدیہ عہدہ کے لئے بی جے پی کے اُمیدوار گجانن سوریہ ونشی نے 9605ووٹ حاصل کیئے ۔ جبکہ کانگریس کے اُمیدوار وینکٹیش سنگے وار نے 5909ووٹ حاصل کیئے ۔ اس طرح سے چار ہزار سے زائد ووٹوں سے بی جے پی کے اُمیدوار گجانن سوریہ ونشی صدر بلدیہ منتخب ہوگئے ۔ ۱۷ نشستوں والی میونسپل کونسل میں سب سے زیادہ نشستیں بی جے پی کو ہی حاصل ہوئی ۔
۱۳ نشستوں پر بی جے پی کے اُمیدوار کامیاب ہوئے جب کہ ۴ نشستوں پر کانگریس کے اُمیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ اس طرح سے بلدیہ چنائو میں بی جے پی نے اکثریت حاصل کرلی ہے ۔ بی جے پی کے ٹکٹ پر دتا والے‘ چھترپتی دھوت مل‘ راہی بائی کہلارے‘ بالاجی شیڑکے‘ چندر کلا یڑگے‘ کیشو چوہان‘ گوداوری سوریہ ونشی‘ نعمت بی شیخ حبیب ‘ سندیپ دمکونڈوار‘ انوسیا یلواڑ‘ شردپوار‘ کلپنا چوہان‘ کریم مجاور منتخب ہوئے ہیں ۔ جب کہ کانگریس کے ٹکٹ پر ورشا چوہان‘ جیوتی چوہان‘ پنچ شیل کامبڑے اور شاردا بائی نرملے چار اُمیدوار منتخب ہوئے ہیں ۔ لوہا ۔ قندھار اسمبلی حلقہ کے شیو سینا ایم ایل اے پرتاپ چکھلی کر جو پچھلے ایک سال سے بے بی جے پی کا کام کررہے ہیں انہوں نے اس چنائو میں بی جے پی کی انتخابی مہم چلائی تھی ۔ پہلی بار لوہا میں بی جے پی کے ٹکٹ پر دو مسلم اُمیدوار بھی منتخب ہوئے ہیں ۔