صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

اے ایم یو کو توانائی کے تحفظ میں اترپردیش میں دوسرا مقام حاصل ہوا

75,211

علی گڑھ : گرین یونیورسٹی کے طور پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اقدامات کا اعتراف کرتے ہوئے توانائی کے تحفظ میں اس کی حصولیابیوں کے لئے اترپردیش کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میںاسے دوسرا انعام دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ اتر پردیش نیو اینڈ رینیویبل انرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی (یوپی نیڈا) کی طرف سے دیا گیا ہے، جو توانائی تحفظ ایکٹ 2001 ، حکومت ہند کے تحت ریاستی نامزد ایجنسی ہے۔

            اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ توانائی کا تحفظ اور سبز توانائی کے ذرائع کو اپنانا عالمی حدّت کو روکنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لئے اہم اقدامات میں شامل ہے۔ اے ایم یو ملک کے سرکردہ اداروں میں سے ایک ہے جس نے سبز توانائی کے حل کو اپنایا ہے۔

            پروفیسر محمد ریحان (ممبر انچارج، بجلی اور کنوینر، گرین یونیورسٹی پروجیکٹ کمیٹی، اے ایم یو) نے یونیورسٹی کی جانب سے مذکورہ ایوارڈ حاصل کیا۔  انھوں نے اس سلسلہ میں کہا کہ اے ایم یو توانائی کے معقول استعمال اور تحفظ کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور یہ ایوارڈ توانائی کی کھپت میں کمی، معقول اقدامات اور بچت سے متعلق پالیسی فیصلوں پر عمل درآمد کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔ عملے کے لئے تربیتی پروگراموں اور سماجی سطح پر توانائی کے تحفظ سے متعلق آگہی مہم کو بھی ایوارڈ دینے کے لئے بنیاد کے طور پر پیش نظر رکھا گیا ہے۔

            پروفیسر ریحان نے بتایا کہ ایوارڈ کی تقریب نیشنل انرجی کنزرویشن ڈے، 2021 کے موقع پر منعقد ہوئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.